
دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بنوں اور نوشہرہ میں ہونے والے دو دھماکوں میں دو افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
بنوں میں منگل کی دوپہر ہونے والے دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اور اس حملے میں دو افراد ہلاک اور دو پولیس اہلکاروں سمیت تیرہ زخمی ہوئے۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ دھماکا تھانہ صدر کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کا نشانہ بننے والی موبائل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اس واقعے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جو دونوں راہگیر تھے۔
دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
اس سے قبل منگل کی صبح نوشہرہ کے علاقے پبی میں خیبر پختونخواء کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کی رہائش گاہ کے قریب دھماکے میں سات افراد زخمی ہوگئے تھے۔
یہ دھماکا ان کے مکان کے قریب موجود نالے میں رکھا گیا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا اور زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
اس دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔






























