
فائرنگ اور دھماکے اس علاقے کے قریب ہوئے جہاں سانحۂ کوئٹہ کے خلاف دھرنا دیا جا رہا ہے
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نمائش چورنگی کے قریب سانحۂ کوئٹہ کے خلاف جاری دھرنے کے قریب واقع علاقے پٹیل پاڑہ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مغرب کی نماز کے بعد لوگ مسجد سے نکل رہے تھے تو ان پر فائرنگ کی گئی جس میں دو افراد عبدالرحیم اور شاہ رخ ہلاک جبکہ عمران نامی شخص زخمی ہوگیا۔
اہلسنت و الجماعت نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد سبحانی سے نکلنے والے افراد پر فائرنگ میں ان کے تین کارکن ہلاک ہوئے ہیں۔ جماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید کا کہنا ہے کہ علاقے میں پولیس اور رینجرز کی موجودگی کے باوجود نمازیوں پر فائرنگ کی گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا اور پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
اس سے پہلے سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں حاجی فیاض سومرو ہلاک ہوگئے تھے، اہلِ سنت و الجماعت کا کہنا ہے کہ حاجی فیاض ان کے رکن تھے جنہیں نشانہ بناکر قتل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایک اور واقعے میں کراچی کی مرکزی سڑک شاہراہِ فیصل پر گورا قبرستان کے قریب ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
صدر پولیس کا کہنا ہے کہ بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جس کے باعث سڑک میں گڑھا پڑ گیا ہے۔
اس جگہ سے کچھ فاصلے پر شیعہ کونسل کی اپیل پر سانحۂ کوئٹہ کے خلاف دھرنا بھی دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیر آباد میں بھی ہلکی نوعیت کا دھماکہ ہوا ہے۔ ڈی ایس پی کے مطابق دھماکہ ایک ویران گھر میں ہوا، جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔






























