
احسان اللہ احسان کے مطابق علاقے میں امن کی خاطر طالبان نے انصار الاسلام کے ساتھ معاہدہ کیا تھا
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں دو متحارب گروہوں کے درمیان جھڑپ میں بائیس افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہوئے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ جھڑپ کالعدم انصار الاسلام اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان خیبر ایجنسی کی تیرہ وادی میں ہوئی۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کے مطابق علاقے میں امن کی خاطر طالبان نے انصار الاسلام کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں انصار الاسلام نے معاہدے کی خلاف ورزی کی اور انتیس طالبان کو ہلاک کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انصار الاسلام نے راستے بھی بند کردیے تھے۔ اس لیے طالبان نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان انصار الاسلام سے سختی سے نمٹیں گے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں گروہوں میں جھڑپیں تیرہ کے حیدر کنداؤ اور کلوچ کے علاقے میں پیش آئیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق باڑہ تحصیل کے علاقے جبا میں ایک اور واقعے میں خاصہ دار فورس نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
خاصہ داروں نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن یہ گاڑی نہ رکی جس پر فائرنگ کی گئی۔






























