
خیبر ایجنسی میں اس سے پہلے بھی شدت پسندی نے متعدد بار سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کیے ہیں
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں حکام کے مطابق شدت پسندوں نے ایک چوکی پرحملہ کر کے چار سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
مقامی اہلکاروں نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر میں اس وقت پیش آیا جب چوکی میں ایک درجن سے زیادہ اہلکار موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کے حملہ میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے اور سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی سے چار شدت پسند بھی ہلاک ہوئے۔
اہلکاروں کے مطابق نامعلوم شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔جس میں چوکی کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جھڑپ میں دونوں جانب سے بھاری اسلحے کا استعمال کیاگیا ہے۔
یاد رہے تحصیل باڑہ کے قریب شلوبر کے علاقے میں اس واقعہ سے چند ہفتے پہلے ایک فوجی آپریشن ہوا تھا جس کے بعد سے بڑی تعداد میں لوگوں نے علاقے سے نقل مکانی بھی کی تھی۔
پاکستان کے قبائلی علاقے تحصیل باڑہ میں گزشتہ چار سالوں شدت پسندوں کے خلاف غیر اعلانیہ کارروائیاں ہو رہی ہیں اور سکیورٹی فورسز نے متعدد بار یہ دعویٰ کیا ہے کہ باڑہ کے اکثر علاقوں کو شدت پسندوں سے صاف کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ باڑہ میں گزشتہ دو تین سالوں کے دوران ایک بڑی تعداد میں ایسے لاشیں ملی ہیں جو مقامی لوگوں کے مطابق فوجی کارروائیوں کے دوران لاپتہ ہو جاتے ہیں۔






























