
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے ایسے اشتہارات پر پابندی عائد کردی ہے جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی تصاویر ہوں۔
الیکشن کمیشن کے ایک اعلامیے کے مطابق اخبارات اور ٹی وی چینلز پر ایسے تمام اشتہارات پر پابندی عائد کردی گئی ہے جن پر کسی سیاسی جماعت کا نشان، سیاسی جماعت کا نام یا سیاسی رہنما کی تصویر ہو۔
اعلامیے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو حکم دیا گیا ہے کہ اس حکم کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا نوٹس لیا گیا ہے کہ انتخابات قریب آنے کے ساتھ اخبارات اور ٹی وی چینلز میں ایسے اشتہارات آنا شروع ہو گئے ہیں جن میں وفاقی حکومت یا صوبائی حکومتوں کی کامیابیوں کی تشہیر کی گئی ہے۔
کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ ان استہارات میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سیاسی جماعت کے نشانات بھی شامل ہوتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عوام کے پیسوں سے یہ اشتہارات نہیں دیے جاسکتے اور ایسا کرنے سے وہ جماعتیں جو حکومت میں ہیں ان کو زیادہ فائدہ ہو رہا ہے بہ نسبت ان جماعتوں کے جو حکومت میں نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے عام انتخابات تک ہر قسم کے اسلحہ لائسنس کے اجراء پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی بھی کی تھی۔
کمیشن نے عام انتخابات کے دوران امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی الیکشن سکیورٹی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی سربراہی ضلعی ریٹرننگ افسر کریں گے۔






























