
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے کراچی کی سیاسی جماعتوں سے نئی انتخابی حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات سننے کے بعد کراچی میں نئی حلقہ بندیاں کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے الیکشن کمیشن کے ایک اجلاس میں کراچی کی تیرہ سیاسی جماعتوں سے صوبے میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ان کے اعتراضات سنے گئے۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کراچی کی تمام سیاسی جماعتوں نے نئی حلقہ بندیوں کی حمایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ان جماعتوں کے نمائندوں کا تفصیلی موقف سننے کے بعد انہیں ہدایت کی کہ ہرجماعت کا نمائندہ ایک ہفتےکےاندر اپنی شکایت کےحوالے سے تحریری درخواست دےگا جس میں نقشوں کی مدد سے مطلوبہ تبدیلی کے بارے میں آگاہ کیا جائےگا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کا موقف جاننے کے بعد کراچی میں نئی حلقہ بندیاں سےمتعلق اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے ایک اعلامیے کے مطابق پنجاب کے الیکشن کمشنر محبوب انور کو سندھ کے الیکشن کمشنر کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے اور وہ فوری طور پر کراچی میں ہونے والی حلقہ بندیوں کی تکمیل اور ووٹرز کی گھر گھر تصدیق کے کام تک اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی میں حلقہ بندیوں اور ووٹروں کی گھر گھر تصدیق کا کام ختم ہو جانے کے بعد محبوب انور سے اضافی چارج واپس لے لیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب کے الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر خلیل الرحمان محبوب انور کی غیر موجودگی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے امور سر انجام دیں گے۔






























