
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ایک بم دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ ایف سی کے تین اہلکاروں سمیت نو افراد زخمی ہوگئے۔
یہ دھماکہ منگل کو شہر کے جنوب میں ائرپورٹ روڈ پر واقع کلی عالمو کے علاقے میں ہوا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے ایک سائیکل پر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اسے ائرپورٹ روڈ پر کھڑا کیا تھا۔
دھماکہ خیز مواد کو اس وقت اڑایا گیا جب فرنٹیئر کور کی گاڑیاں شہر کی جانب آرہی تھی۔
اس دھماکے کے نتیجے میں دو شہری ہلاک جبکہ اس میں نو افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں تین ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔
جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سی پی او میر زبیر نے بتایا کہ یہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کو ایک سائیکل پر نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کے لیے تین سے چار کلو مواد استعمال کیا گیا تھا۔






























