
زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سوئی منتقل کر دیا گیا
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایک بم دھماکے میں رکن قومی اسمبلی سمیت تیرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ دھماکہ جمعہ کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ بگٹی ٹاؤن میں ایک مسجد کے باہر ہوا ۔
لیویز فورس ڈیرہ بگٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی میر احمدان بگٹی اپنے گھر کے قریب ایک مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے گئے تھے کہ مسجد کے باہر زوردار دھماکہ ہوا ۔
لیویزحکام کے مطابق نامعلوم افراد نے ایک گاڑی میں دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اسے مسجد کے باہر کھڑا کیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑا دیا گیا۔
دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور رکن قومی اسمبلی سمیت دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے تیرہ افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کیا۔
طبی حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سوئی منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی احمدان بگٹی کی حالت بہتر ہے ۔
کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ تنظیم کے ترجمان نے کوئٹہ میں میڈیا کے دفاتر میں فون کر کے بتایا کہ انہوں نے رکن قومی اسمبلی احمدان بگٹی کو نشانہ بنایا ہے۔
ڈیرہ بگٹی کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اور یہاں دو ہزار چھ میں نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت کے بعد سے حالات زیادہ خراب ہوئے ہیں۔






























