
پاکستان کے سابق کرکٹ سٹار اور سیاسی جماعت تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ممبئی حملوں کے قصوروار افراد کو ضرور سزا دلوائیں گے۔
یہ بات عمران خان نے بھارتی اخبار ’میل ٹوڈے‘ کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ پی ٹی آئی کے رہنما گڑگاؤ میں ورلڈ اكنامك فورم میں شرکت کے لیے بھارت گئے ہوئے ہیں۔
عمران خان نے یقین دلایا کہ وزیر اعظم بننے کی صورت میں وہ یہ یقینی بنائیں گے کہ پاکستان کی زمین کسی قسم کی دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
’بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ قانونی عمل میں وقت لگتا ہے۔ لیکن میں ممبئی پر حملہ کرنے والوں کا سامنا انصاف سے كرواؤں گا۔ ہمیں قانون پر عمل کرنا چاہیے۔‘
عمران خان نے بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ایک نئی شروعات کے حق میں ہیں۔
’گزشتہ سالوں میں ہمارے درمیان کے رشتے سارے برصغیر کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ہم ایک قدم آگے بڑھاتے ہیں اور دو قدم پیچھے کھینچ لیتے ہیں۔ ممبئی کا واقعہ پیش آیا اور ہم پھر وہیں کے وہیں پہنچ گئے۔‘
اپنی جماعت پی ٹی آئی کو عمران خان نے پاکستان کی واحد جمہوری پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب ایک جمہوری سونامی کی تیاری کر رہے ہیں۔
عمران نے بھارتی اخبار کو بتایا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ پاکستان کو بچانے کے لیے جہاد کا اعلان کریں گے اور اس کے تحت وہ تمام شدت پسند گروپوں سے ہتھیار چھڑوائیں گے۔






























