
بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں مسلح شدت پسندوں کے ہاتھوں پرتشدد واقعات روزمرہ کا معمول ہیں۔
بلوچستان کے ضلع کیچ میں اتوار کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ واقعہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب مغرب میں تقریباً آٹھ سو کلومیٹر دور ایرانی سر حد کے قریب ضلع کیچ کے علاقے مند بلو میں پیش آیا۔
کیچ کی ضلعی انتظامیہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی طر پر ایران جانے کے خواہشمند تین افراد مند بلو میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر میں بیٹھے ہوئے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد میں سے دو کا تعلق پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان جب کہ ایک کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
مند بلو پنجاب اور پاکستان کے دوسرے علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ایران اور بیرون ممالک جانے کا ایک بڑا راستہ ہے۔ اس سے قبل یہاں اسی طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔
اس سال جون کے مہینے میں اسی طرح کے ایک واقعے میں غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کرنے والے اٹھارہ افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا تھا۔
غیر محفوظ ہونے کے باعث ان راستوں سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود تاحال حکومتی ادارے یہاں سے لوگوں کی غیر قانونی طور پر ایران اور یورپی ممالک جانے کی کوششوں کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔






























