خضدار: صحافی کا دوسرا بیٹا بھی چل بسا

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 26 اکتوبر 2012 ,‭ 17:31 GMT 22:31 PST

بلوچستان میں صحافیوں پر حملوں میں حالیہ دنوں اضافہ ہوا ہے

بلوچستان کے ضلع خضدار کے سینیئر صحافی اور پریس کلب کے صدر کا فائرنگ سے زخمی ہونے والا دوسرا بیٹا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے۔

پریس کلب خضدار کے صدر ندیم گرگناڑی کے دو نوجوان بیٹوں 27 سالہ سراج ندیم اور 20 سالہ منظور ندیم پر جمعرات کو نامعلوم مسلح افراد نے خضدار شہر میں اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ ایک کار میں عید گاہ روڈ سے گزر رہے تھے۔

فائرنگ سے سراج ندیم موقع پر ہلاک جبکہ منظور ندیم زخمی ہو گئے تھے۔

منظور ندیم خضدار میں ہی زیر علاج تھے کہ جمعہ کو زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گئے۔

ندیم گرگناڑی کے بڑے بیٹے سراج ندیم ایک این جی او کے ساتھ کام کر رہے تھے اور وہ جمعرات کی شام عید منانے کے لیے خضدار پہنچے تھے۔

ان کے چھوٹے بھائی منظور ندیم ان کو لینے کے لئے بس اڈہ گئے تھے کہ گھر جاتے ہوئے انہیں راستے میں ٹارگٹ کیا گیا۔

اس واقعہ سے قبل خضدار پریس کلب کے دو صدور اور جنرل سیکرٹری سمیت 5صحافی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے تھے۔

اس سالہ تیس ستمبر کو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری کے قتل کے بعد گزشتہ ایک ماہ سے خضدار پریس کلب بند ہے۔

سینیئر صحافی کے دو بیٹوں کے قتل کے بعد خضدار میں بالخصوص جبکہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بالعموم صحافی ایک مرتبہ پھر شدید تشویش سے دو چار ہیں۔

سال دو ہزار پانچ کے بعد سے بلوچستان میں اب تک 18صحافی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے ہیں۔

تاحال نہ ان کے قتل کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت ہوئی ہے اور نہ ہی ان کے قتل کے ملزمان میں سے کسی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں صحافیوں کی عالمی تنظیم بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے ندیم گرگناڑی کے بیٹوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار پریس کلب کے صدر ندیم گرگناڑی اور دیگر صحافیوں کو گزشتہ کئی ماہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔

تنظیم کے بیان کے مطابق ندیم گرگناڑی کے جوان سال بیٹوں کا قتل ان ہی دھمکیوں کا تسلسل ہے۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ ندیم گرگناڑی کے بیٹوں اور دیگر صحافیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اسی بارے میں

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>