
خضدار پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبد الحق بلوچ جنھیں گزشتہ 30 ستمبر کو نشانہ بنایا گیا
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں جمعرات کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے مقامی پریس کلب کے صدر کا ایک نوجوان بیٹے کو ہلاک جبکہ دوسرے شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق خضدار پریس کلب کے صدر اور سینئر صحافی ندیم گرگناڑی کے دونوں بیٹوں کو عید گاہ روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق ندیم گرگناڑی کے 27سالہ بڑے بیٹے سراج ندیم ایک این جی او کے ساتھ نصیر آباد میں کام کرتے تھے وہ عید منانے کے لیے جمعرات کی شام
خضدار آئے تھے۔
ان کے چھوٹے بھائی منظور ندیم انہیں بس اڈے پر لینے گئے تھے جب وہ دونوں بس اڈے سے عید گاہ روڈ پر پہنچے تو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی آلٹو کار
پراندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے سراج احمد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی کو علاج کے لیے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق پریس کلب کے صدر کے بیٹوں پر حملے کے بارے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔تاہم اس سلسلے میں ٹارگٹ کلنگ کے امکان کو نظر انداز نہیں
کیا جاسکتا۔
خضدار کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو 2006 کے بعد شورش سے زیادہ متائثر ہیں۔
اس سال 30 ستمبر کو خضدار پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبد الحق بلوچ کو قتل کیا گیا تھا۔ ان کے قتل کے بعد سے خضدار پریس کلب گزشتہ ایک ماہ سے بند ہے۔
خضدار میں 2009 کے بعد سے پریس کلب کے دو صدور اور ایک جنرل سیکرٹری سمیت اب تک 5صحافیوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا یا گیاہے ۔
خضدار میں امن و امان کی خراب صوتحال کی وجہ سے نہ صرف صحافی غیر محفوظ ہوگئے ہیں۔ بلکہ عام شہری اورسیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن بھی غیر محفوظ ہیں۔
جس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران مختلف واقعات میں خضدار پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالحق بلوچ اور ایک سینئرڈاکٹر سمیت35سے زائد افراد کو قتل کیاگیا ہے۔
بلوچستان میں عامل صحافیوں کی تنظیم بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے بیان میں خضدار پریس کلب کے صدر ندیم گرگناڑی کے ایک جواں سال بیٹے کو قتل جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ ندیم گرگناڑی کے بیٹے اور دیگر صحافیوں کی قتل میں ملوث ملزما ن کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خضدار پریس کلب کے صدر ندیم گرگناڑی اور دیگر صحافیوں کو گزشتہ کئی ماہ سے دھمکیاں مل رہی تھی۔






























