
بلوچستان میں صحافی مختلف طرح کے دباؤ میں رہ کر کام کرنے پر مجبور ہیں اور کئی اسی طرح ہالک ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں پولیس کے مطابق مقامی صحافی کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے خضدار میں نمائندے عبدالحق بلوچ کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ پریس کلب سے گھر جا رہے تھے۔
سینتیس سالہ عبدالحق بلوچ ایک مقامی اخبار کے لیے بھی کام کرتے تھے اور خضدار پریس کلب کے جنرل سیکریٹری بھی تھے۔
پولیس کے مطابق سنیچر کی شام سات بج کر پندرہ منٹ کے قریب وہ پریس کلب خضدار سے اپنے گھر جا رہے تھے جب نامعلوم افراد نے چاکر خان روڈ پر ان کو گولی ماری گئی۔
پولیس اور ان کے رشتہ داروں کے بقول انہیں کوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق اس واقعے کی تحقیق کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو ہزار آٹھ سے اب تک چودہ صحافی بلوچستان میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سنہ دو ہزار گیارہ اور بارہ کے لیے رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی جانب سے جاری کردہ ایک سو اناسی ممالک کی فہرست میں ایک سو اکیانوے نمبر پر ہے۔ بلوچستان صحافیوں کے لیے دنیا کا دسویں بڑی حظرناک جگہ قرار دی جاچکی ہے۔






























