
قوم کی پائی پائی واپس لی جائے گی:راجہ پرویز اشرف
پاکستان کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ دار افراد کو نہیں بخشا جائے گا۔
جمعہ کی شام اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ اس معاملے کی تحقیقات کرے گا اور عوام کو ان تحقیقات سے آگاہ رکھا جائے گا۔
کلِک نوّے کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی: سپریم کورٹ
پاکستان کی سپریم کورٹ نے جمعہ کو اصغر خان کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے انیس سو نوے کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو جیتنے سے روکنے کے لیے سیاستدانوں کو رقم دینے کے الزام میں پاکستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد دارنی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
عدالت نے یہ رقوم لینے والے افراد کے بارے میں تحقیقات کرنے اور ان سے یہ رقوم واپس لینے کا بھی حکم دیا تھا۔
ائیرمارشل ریٹائرڈ اصغر خان نے یہ درخواست سولہ سال قبل دائر کی تھی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پریس کانفرنس میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قوم کی پائی پائی واپس لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو افراد اس سارے عمل سے مستفید ہوئے انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے تاہم اگر وہ معافی مانگ بھی لیتے ہیں تب بھی قانون ان سے نمٹے گا۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو انتہائی اہم اور دور رس نتائج کا حامل قرار دیا اور کہا کہ 1990 میں ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو چرانے والی اسٹیبلشمنٹ کا چہرہ آج بے نقاب ہوگیا ہے اور بائیس سال بعد تاریخ نے سچ عیاں کر دیا ہے۔






























