
امریکی سینیٹ نے سنیچر کو پاکستان اور عراق کے لیے نئے امریکی سفیروں کے ناموں کی منظوری دے دی۔
رچرڈ اولسن کو پاکستان میں جبکہ رابرٹ سٹیفن عراق میں نئے امریکی سفیر کے طور پر تعینات ہوں گے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تیس سالہ رچرڈ اولسن رواں برس جون تک کابل میں واقع امریکی سفارت خانے میں معاشی و ترقیاتی امور کے رابطہ کار کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ سنہ دو ہزار آٹھ سے لیکر سنہ دو ہزار گیارہ تک متحدہ عرب امارات میں بھی امریکی سفیر رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق رچرڈ اولسن کی پاکستان میں امریکی سفیر کی تعیناتی ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پیغمبرِ اسلام کے بارے میں امریکہ میں بنائی گئی توہین آمیز فلم کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں جمعے کو احتجاجی مظاہروں اور پرتشدد واقعات میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم انیس افراد ہلاک اور سو سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
رچرڈ اولسن اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر کمیرون منٹر کی جگہ لیں گے۔ کیمرون منٹر نے اس سال مئی میں اٹھارہ ماہ سفیر رہنے کے بعد اس عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق رابرٹ سٹیفن گزشتہ سال جولائی سے بغداد میں واقع امریکی سفارت خانے میں پہلے ڈپٹی چیف آف مشن اور اس سے پہلے جون میں چارج ڈی افیئرز کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق رابرٹ سٹیفن سنہ دو ہزار آٹھ سے لیکر دو ہزار گیارہ تک اردن میں امریکی سفیر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔






























