
صوبہ سندھ میں ریل کی پٹری کو کم شدت کے بم دھماکوں میں نشانہ بنانے کے واقعات کئی بار پیش آ چکے ہیں
پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد کے قریب خوشحال خان ایکسپریس ٹرین دھماکے کی زد میں آنے سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق دل مراد ریلوے سٹیشن کے قریب پٹری پر دھماکے کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
اس واقعہ میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے کا ہدف کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ٹرین تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس افسر مرتضیٰ میرانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ’یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو دو بجے کے قریب پیش آیا۔‘
پولیس افسر کے مطابق ٹرین کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے بوگیاں الٹی نہیں جس کی وجہ سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات مکمل ہونے تک مزید کچھ نہیں بتایا جا سکتا ہے۔
ابھی تک کسی شدت پسند تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ریلوے کے ایک اہلکار اشرف سومرو نے اے ایف پی کو بتایا کہ زخمی ہونے والے دس افراد کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جبکہ دیگر مسافروں کی دیکھ بھال کی جا رہی اور انہیں جلد ہی ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں ریل کی پٹری کو کم شدت کے بم دھماکوں میں نشانہ بنانے کے واقعات کئی بار پیش آ چکے ہیں۔






























