’لشکرِ اسلام کے کارکنوں کی لاشیں برآمد‘

باڑہ میں اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنباڑہ میں اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کو دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔

خیبر ایجنسی میں ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ تحصیل باڑہ میں منگل کی صُبح بازار سے دو لاشیں ملیں۔

اہلکار نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے اور ہلاک ہونے والے دونوں افراد تاج محمد سپا اور حیدر خان شلوبر باڑہ کے رہائشی تھے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں نوجوان کچھ عرصہ پہلے باڑہ سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ اہلکار کے مطابق یہ ابھی معلوم نہیں کہ اس واقعہ میں کون ملوث ہے۔

نامہ نگار دلاورخان وزیر کے مطابق لاشوں کے قریب سے ایک خط ملا ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ یہ دونوں لشکر اسلام کے جنگجو تھے اور جو بھی لشکر اسلام کا ساتھ دے گا اس کا یہی حشر ہوگا۔

مقامی لوگوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ یہ دونوں لشکر اسلام کے رکن تھے اور کچھ عرصہ پہلے باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے۔

ابھی تک کسی فرد یا تنظیم نے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

باڑہ میں اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں

یاد رہے کہ خیبر ایجنسی اور دوسرے قبائلی علاقوں میں ایک عرصے سے اغواء کیے گئے افراد کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔