سیہون کے قریب حادثہ، بارہ ہلاک
- مصنف, نثار کھوکھر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
حادثہ تیز رفتاری کی باعث پیش آیا پاکستان کے صوبہ سندھ میں سیہون کے قریب انڈس ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک اور مسافر وین کے درمیان تصادم میں بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
فلاحی ادارے ایدھی کے مطابق ٹریفک حادثے میں چالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
زخمیوں اور ہلاک شدگان کی میتوں کو سیہون اور حیدرآباد کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے جبکہ ضلع جامشور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور چھٹیوں پرگئے ڈاکٹرز کو ڈیوٹی پر طلب کیا گیا ہے۔
جامشورو پولیس کا کہنا ہے کہ وین میں سوار افراد پیرگاجی شاہ کے زائرین تھے جو سالانہ اجتماع سے واپس آرہے تھے کہ لکی شاہ صدر کے قریب انڈس ہائی وے پر وین ٹرک ٹکرا گئی۔
ٹریفک حادثے کے ایک عینی شاہد محمد اکبر کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی باعث پیش آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے درجنوں زخمیوں کو وین اور ٹرک میں پھنسا ہوا دیکھا۔
ان کے مطابق امدادی ٹیمیں تاخیر سے پہنچیں جنہوں نے وین کی باڈی کاٹ کر زخمیوں اور میتوں کو باہر نکالا۔
جامشورو پولیس کے مطابق دونوں گاڑیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں تاہم تاحال کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔



