پاکستانی بحریہ کا انڈین آبدوز کی پاکستانی پانیوں میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی بحریہ نے ایک انڈین آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انڈین آبدوز نے 16 اکتوبر کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔‘

بیان کے مطابق انڈین آبدوز کا سراغ بحریہ کے طویل فاصلے تک گشت کرنے والے طیارے نے لگایا اور اسے روکا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستانی بحریہ مسلسل پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی کر رہی ہے اور یہ حالیہ واقعہ انڈیا کی مذموم سازشوں کا عکاس ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

اس سلسلے میں آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس پر موجود ٹائم سٹیمپ کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی شب سوا گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔

انڈین بحریہ کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ کچھ برسوں میں کسی انڈین آبدوز کی جانب سے پاکستانی حدود میں داخلے کی تیسری کوشش تھی۔

اس سے قبل مارچ 2019 میں بھی پاکستانی بحریہ نے انڈین آبدوز کو روکنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی حکومت کی انڈیا کے ساتھ امن قائم رکھنے کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈین آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

مارچ 2019 سے پہلے نومبر 2016 میں بھی پاکستانی بحریہ نے انڈین آبدوزکا سُراغ لگانے کا دعویٰ کیا تھا۔

یہ واقعہ 14 نومبر 2016 کو پیش آیا تھا اور پاکستانی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ فلیٹ یونٹس نے پاکستانی سمندری حدود کے جنوب میں ایک انڈین آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی پانیوں میں داخلے سے روک دیا تھا۔

تاہم انڈین بحریہ نے پاکستان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔