آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
صحافی کی ہلاکت پر ایچ آر سی پی کی مذمت
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے ہری پور کے معروف صحافی اور اخبار 'کے ٹو ٹائمز' کے بیورو چیف بخشش الہیٰ کی ہلاکت اور لاہور کے صحافی رانا تنویر پر حملے کی مذمت کی ہے۔
ایچ آر سی پی کی جانب سے پیر کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں تنظیم کا کہنا ہے ’ہمیں ہری پور میں اردو اخبار 'کے ٹو ٹائمز' کے بیورو چیف بخشش الہیٰ کی ٹارگٹ کلنگ اور لاہور میں انگریزی اخبار کے چیف رپورٹر رانا تنویر کو جمعے کو مارنے کی کوشش کی تشویشناک اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔‘
خیال رہے کہ مقامی اخبار 'کے ٹو ٹائمز' کے بیوروچیف بخشش الہیٰ اتوار کو اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل سواروں نے ان کا پیچھا کیا اور بیچ سڑک انھیں گولیاں مار کر فرار ہو گئے تھے جبکہ لاہور سے تعلق رکھنے والے صحافی رانا تنویر ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور ان کی ایک ٹانگ پر دو جگہ فریکچر ہے۔
تنظیم کے مطابق ’رانا تنویر پر ہونے والا حملہ اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش نہیں آیا ہے۔‘
ایچ آر سی پی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکام ہری پور سے تعلق رکھنے والے صحافی بخشش الہیٰ کو نامعلوم افراد کی جانب سے کیے جانے والے حملے سے بچانے میں ناکام رہے جبکہ لاہور کے صحافی رانا تنویر کی حالت بھی باعثِ تکلیف ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تنظیم کے مطابق رانا تنویر میڈیا اور سول سوسائٹی سرکلز میں اپنی غیر جانبدار رپورٹنگ کے لیے معروف ہیں اور انھیں اس سے پہلے بھی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔
ایچ آر سی پی نے حکام سے استدعا کی ہے کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدام کرے اور اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرے۔
ادھر ہری پور میں 'کے ٹو ٹائمز' کے بیورو چیف بخشش الہیٰ کے قتل کے خلاف پشاور میں خیبر یونین آف جرنلٹس کے زیرِ اہمتام احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
مظاہرین نے بخشش الہیٰ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے اور صحافیوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔