فلوجہ و بعقوبہ پر شدید گولہ باری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی اور عراقی افواج بعقوبہ کے ساتھ ساتھ فلوجہ پر بھی شدید فضائی اور بری گولہ باری کر رہی ہیں۔ بغداد کے شمال مشرق میں واقع شہر بعقوبہ میں ایک پولیس سٹیشن پر دھاوا بولنے کی اطلاعات کے بعد امریکی اور عراقی فوج نے شہر پر فضائی اور زمینی حملے کیے ہیں۔ فلوجہ میں گولہ باری کا نشانہ بالخصوص شہر کا جنوبی حصہ ہے اور امریکیوں کا کہنا تھا کہ اس علاقے سے انہیں چھوٹی مگر باقاعدہ، انتہائی مسلح اور تربیت یافتہ مزاحمت کا سامنا ہے۔ شمالی فلوجہ میں مقابلتاً خاموشی ہے اور امریکی فوجی ان عراقیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں جو اپنے ہلاک شدگان کو تلاش کر رہے ہیں یا ان کی تدفین کرنا چاہتے ہیں۔ امریکیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بارہ سو افراد کو ہلاک کیا ہے جو ان کے بقول شورشی تھے۔ ایک خبر رساں ایجنسی نے بعقوبہ میں امریکی فوجی ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ تازۃ ترین لڑائی میں بیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکی فوج کا کہنا ہے عراقی پولیس نے ایک مسجد سے فائرنگ کے بعد اس پر چھاپہ مار کر اسے شدت پسندوں کے قبضے سے چھڑا لیا ہے۔ بغداد کے مغرب میں ایک اور شہر رمادی سے بھی اسی طرح کے واقعات کی اطلاع ملی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||