 |  آسٹریلیا کے وزیراعظم جان ہاورڈ |
آسٹریلیا کے وزیراعظم جان ہاورڈ ملک میں دہشت گردی سے متعلق قوانین اور خفیہ ایجنسیوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔ جان ہاورڈ نے کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں کی توسیع کے لئے ایک سو پچاس اضافی اہلکاروں کو بھرتی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دہشت گردی پر قابو سے متعلق مجوزہ قانون میں پولیس مبینہ دہشت گردوں کو پوچھ گچھ کے لئے پہلے سے دوگنا وقت تک حراست میں رکھ سکے گی۔ یہ وقت بارہ گھنٹے سے بڑھا کر چوبیس گھنٹے کر دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ان اقدامات کے باعث آسٹریلیا کی عدالتیں اب ان مسلح شدت پسند تنظیموں کے مشتبہ افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کر سکیں گی جو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ |