| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’اسرائیلی فوجی اغوا کریں گے‘
فلسطینی تنظیم حماس کے روحانی پیشوا شیخ احمد یاسین نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم قید فلسطینیوں کی رہائی کے لئے اسرائیلی فوجی اغوا کرنے کی کوشش کرے گی۔ شیخ یاسین نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کے اغوا کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد کرنا مشکل ہوگا کیونکہ اسرائیلی بہت محتاط ہو گئے ہیں۔ شیخ یاسین کے اس بیان سے ایک روز قبل اسرائیل نے اپنے ایک تاجر اور تین فوجیوں کی لاشوں کے بدلے چار سو فلسطینی رہا کئے تھے۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے پینتیس جنگجو بھی رہا کئے اور انسٹھ لبنانی جنگجؤوں کی لاشیں حزب اللہ کے حوالے کیں۔ شیخ یاسین نے جو خود بھی انیس سو ستانوے میں اس طرح کی سودے بازی کے بعد رہا ہوئے تھے کہا کہ اسرائیل صرف ’طاقت کی زبان‘ سمجھتا ہے۔ انہوں نے جمعہ کے روز ایک مسجد کے باہر بیان دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی تنظیمیں اسرائیلی فوجیوں کو اغوا کرنے میں کوئی کثر اٹھا نہیں رکھیں گیں۔ بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ شیخ حسن نصراللہ نے بھی ان خیالات سے اتفاق کیا۔ انہوں نے اسرائیلی فوجیوں کی، جن کی لاشوں کے بدلے اسرائیل نے چار سو فلسطینی رہا کئے ہیں، تصویریں دکھاتے ہوئے کہا کہ آئندہ اسرائیلی فوجی زندہ پکڑے جائیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||