| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی فوج کی تنخواہ پر نظر ثانی
عراق میں امریکی فوج کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل سانچز نے کہا ہے کہ وہ عراق کی نئی فوج کی تنخواہوں پر نظر ثانی کریں گے۔ ان کا یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب نئی عراقی فوج کے تقریباً تین سو رنگروٹ کم تنخواہ کی وجہ سے فوج چھوڑ گئے۔ عراقی فوج کی اس پہلی بٹالین میں اب صرف چار سو عراقی بچے ہیں۔ ادھر بصرہ میں سابق عراقی فوجیوں نے احتجاج کیا ہے کہ انہیں گزشتہ چار ماہ سے ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ بغداد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سانچز نے کہا کہ عراقی فوجیوں کے لئے بہتر معیار زندگی کو یقینی بنانے کی خاطر ان کی تنخواہوں کے سکیل پر از سر نو غور کیا جائے گا۔ چالیس ہزار کی مجوزہ فوج کی یہ پہلی بٹالین ہے جسے تربیت دی جا رہی ہے۔ جب عراقی رنگروٹوں کے استعفی کی خبر آئی تھی تو اتحادی فوج نے اسے کوئی خاص اہمیت نہیں دی اور کہا کہ کئی دوسرے عراقی فوج میں شامل ہو رہے ہیں۔ تاہم پنٹاگن میں بی بی سی کے نامہ نگار نِک چالڈس کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال امریکی محکمۂ دفاع کے لئے باعث شرم ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||