| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’مشترکہ جنوبی ایشیائی کرنسی‘
بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے جنوبی ایشیائی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ یورپ کی کرنسی یورو کی طرز پر جنوبی ایشیا کے خطے کے لئے مشترکہ کرنسی کی کوشش کریں۔ وزیر اعظم نے یہ بیان دہلی میں ایک کانفرنس کے افتتاحی خطاب کے دوران دیا۔ اس دو روزہ کانفرنس میں پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور سابق امریکی وزیر خارجہ میڈلین آلبرائٹ بھی شریک ہیں۔ واجپئی نے جنوبی ایشیا کے ممالک سے اپیل کی کہ علاقے میں کئی سالوں کی محاذ آرائی کے بعد اب قیام امن کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں قیام امن کے بعد ہی یہ ممکن ہے کہ مشترکہ کرنسی اور کھلی سرحدوں کے بارے میں سوچا جائے۔ اس کانفرنس کا انتظام بھارتی اخبار دی ہندستان ٹائمز کے پبلشر نے کیا ہےاور یہ ہفتہ کے روز ختم ہوگی۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید، امریکی انتظامیہ کے سابق رکن رچرڈ ہاس بھی اس کانفرنس میں شریک ہیں۔ پہلے دن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول کو مستقل سرحد میں تبدیل کرنا کشمیر تنازع کا حل نہیں ہے۔ کانفرنس کے دوران رچرڈ ہاس نے کہا ’پاکستان تمام جنو بی ایشیا اور دنیا کے لئے خطرہ ہے اور پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشتگردوں کو تربیت فراہم کرنے والے کیمپس بند کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا‘۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||