| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا: وزیرِ اعظم کی تنقید
سری لنکا کے وزیر اعظم رنیل وکرماسنگھے امریکہ سے واپس ملک کے دار الحکومت کولومبو پہنچ گئے ہیں جہاں ہزاروں افراد نے ان کا پر جوش استقبال کیا ہے۔ سری لنکا کے صدر چندریکا کماراتنگا نے منگل کو ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر کے پارلیمان کو معطل اور تین اہم وزراء کو برطرف کر دیا تھا۔ فوج کو طلب کر لیا گیا تھا اور صدر نے حکومت پر تامل باغیوں کو بہت زیادہ رعایت دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے یہ اقدامات کر رہی ہیں۔ تاہم وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ امن کے عمل کے لئے انتہائی خطرناک قدم ہے۔ وزیر اعظم رنیل وکرماسنگھے واشنگٹن کے دورے کے بعد جمعہ کی صبح کو ملک کے دار الحکومت کولمبو واپس پہنچے۔ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کےاستقبال کے لئے سینئر وزراء کے علاوہ ان کے کئی ہزار حامی بھی آئے ہوئے تھے۔ ہوائی اڈے پر جمع لوگ وزیر اعظم کی جماعت یونائٹڈ نیشنل پارٹی کے سبز پرچم لہرا رہے تھے۔ امریکہ سے سری لنکا کے لئے واپس روانہ ہونے سے پہلے رنیل وکرماسنگھے نے کہا تھا کہ وہ ملک واپس پہنچ کر اس بحران کو ختم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو ملک میں امن بحال کرنے کے مینڈیٹ پر منتخب کیا گیا تھا اور وہ یہ کام کر کے ہی چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس عمل کو نا کام نہیں ہونے دیں گے اور واپس پہنچ کر کابینہ اور پارلیمان سے مذاکرات کے بعد مناسب فیصلے کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||