| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’پرل کا قتل خالد شیخ نے نہیں کیا‘
پاکستان میں پولیس نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قتل میں القاعدہ کے اہم رکن خالد شیخ محمد کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اپنی منگل کی اشاعت میں لکھا تھا کہ امریکی حکام کا خیال ہے کہ القاعد کے اہم رکن اور گیارہ ستمبر کو نیویارک میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار خالد شیخ محمد نے ڈینیئل پرل کو قتل کیا تھا۔ ڈینیئل پرل اس اخبار کے لئے کام کرتے تھے اور گزشتہ سال اسلامی شدت پسندوں کے بارے میں رپورٹ لکھنے کے لئے پاکستان گئے تھے جہاں انہیں اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کی تھیں اور اسے ایسا کوئی سراغ ہاتھ نہیں آیا جس سے خالد شیخ کے اس قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ہوتا۔ خالد شیخ کو اس سال مارچ میں راولپنڈی سے گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا۔ ڈینیئل پرل کیس میں برطانوی شہری احمد عمر سعید شیخ کو گزشتہ سال انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، جبکہ ان کے تین ساتھیوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئ تھی۔ سندھ پولیس کے انسپکٹر جنرل پولیس کمال شاہ نے کہا ہے کہ اگر امریکی حکام اس سلسلے میں کسی طرح کی معلومات فراہم کرتے ہیں تو ان پر غور کیا جا سکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||