| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسامہ زندہ ہیں: مشرف
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے ایک بار پھر امریکہ پہنچ کر یہ کہا ہے کہ ان کے خیال میں اسامہ بن لادن زندہ ہیں۔ جنرل مشرف نے یہ بات امریکی ٹیلی وژن چینیل ’اے بی سی‘ پر ایک انٹرویو میں کہی۔ صحافی پیٹر جیِننگز نے جنرل مشرف سے سوال کیا ’جب تقریباً ایک برس پہلے ہماری بات ہوئی تھی تو آپ کا خیال تھا کہ اسامہ بن لادن زندہ نہیں ہیں، لیکن آج آپ کا کیا خیال ہے، کیا وہ زندہ ہیں؟‘جس کے جواب میں جنرل مشرف نے کہا ’جی ہاں،۔ جب جنرل مشرف سے پوچھا گیا کہ کیا وہ آپ کے پڑوس میں ہیں تو انہوں نے کہا: ’ہو سکتا ہے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ وہ دوسری طرف ہوں‘ (یعنی افغانستان میں)۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ دونوں جگہ آتے جاتے رہتے ہیں کیونکہ بہت سے ایسے افراد ہیں جو سرحد پار کرتے رہتے ہیں اور پھر پاکستان واپس آجاتے ہیں۔ ہمیں ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی جس کے لئے ہمیں خفیہ معلومات کے علاوہ ایک تیزی سے جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والی فورس یا ریپڈ ری ایکشن فورس درکار ہے۔‘ اس سلسلے میں پیٹر جینِنگز نے پوچھا: ’لیکن آپ تو فوج کے سربراہ ہیں اور آپ کے پاس ایسی انٹیلیجنس سروس ہے جس سے لوگ خوفزدہ ہیں تو کیا وجہ ہے کہ آپ ان عناصر کو نہیں پکڑ سکتے؟‘ اس کے جواب میں جنرل مشرف نے کہا: ’ہمارے پاس تکنیکی معلومات اور صلاحیت نہیں ہے۔‘ اس پر پیٹر جینِنگز نے پوچھا کہ ’کیا آپ کے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ امریکہ کو اس سلسلے میں زیادہ کچھ کرنا چاہیے؟‘ اور جواب میں جنرل مشرف نے کہا: ’جی ہاں، اور بہت کچھ۔ اور یہ ہو بھی رہا ہے۔‘ پھر جنرل مشرف نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو جو امداد دی ہے اس میں نصف رقم فوج کے لئے ہے اور نصف سوشل سیکٹر کے لئے لیکن ’ہمیں یہ رقم فوج کے لئے چاہیے ہی نہیں۔‘ پھر یہ سوال کیا گیا کہ ’بش انتظامیہ کا فیصلہ ہے کہ وہ آپ کو فوجی امور کے لئے رقم فراہم کرے لیکن آپ کو فوج کے لئے یہ نہیں چاہیے؟‘ جس کا جواب جنرل مشرف نے دیا ’جی بالکل۔‘ جب جنرل مشرف سے پاکستانی دستوں کو عراق بھیجنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’موجودہ ماحول میں یہ بہت مشکل ہوگا کیونکہ عوام کو قبول نہیں ہوگا۔‘ انہوں نے کہا کہ اگر عراق میں اقوام متحدہ کی بالادستی ہو تو شاید فوجی دستوں کا بھیجنا ممکن ہو سکے۔ انہوں نے انٹرویو کے دوران یہ بھی کہا کہ کہ ان کی حکومت واقعی شدت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائی میں سنجیدہ ہے۔ جنرل پرویز مشرف بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |