| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’القاعدہ اب بھی سرگرم ہے‘
ایک ایسے وقت میں جب عربی ٹی وی چینل نے اسامہ بن لادن اور ان کے دست راست ایمن الظواہری کی ویڈیو ٹیپ اور آواز نشر کی ہے امریکی صدر جارج بش نے ایف بی آئی کے تربیتی مرکز میں خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ القاعدہ اب بھی امریکہ کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے لہذا دہشت گردی سے نمٹنے والے اداروں کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد طاقتوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا بلکہ انہیں شکست دینا ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اختیارات میں اضافہ کرے تاکہ وہ پوری قوت کے ساتھ دہشت گردوں سے نمٹ سکیں۔ بش انتظامیہ اس بات پر زور دیتی رہی ہے کہ قوانین میں مناسب ترامیم کی جائیں تاکہ دہشت گردی کے الزام میں گرفتار افراد کو ضمانت پر رہائی سے روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ وہ چاہتی ہے کہ دہشت گردی کے زمرے میں آنے والے بیشتر جرائم کی سزا موت ہونی چاہیئے۔ امریکی میں شہری حقوق کی تنظیمیں اس نوعیت کے اختیارات کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔ ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے بعد متعارف کروائے گئے قوانین سے پہلے ہی فرد کے حقوق متاثر ہوئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |