آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ ایران کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ ایرانی قوم کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا۔

خلاصہ

  • خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ ایران کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا: ایرانی صدر
  • دو ہفتوں سے جاری لڑائی کے بعد شامی حکومت اور کرد جنگجوؤں کے درمیان جنگ بندی
  • سپین میں دو ٹرینوں میں تصادم، کم از کم 21 افراد ہلاک
  • نوبل انعام دینے والی تنظیم نوبل فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ تنظیم کی جانب سے دیا جانے والا انعام علامتی طور پر بھی کسی کو منتقل نہیں کیا جا سکتا
  • مذاکرات جاری رہیں گے تاکہ ٹرمپ گرین لینڈ پر قبضے کا خواب ترک کریں: ڈنمارک کے وزیر خارجہ

لائیو کوریج

  1. دو ہفتوں سے جاری لڑائی کے بعد شامی حکومت اور کرد جنگجوؤں کے درمیان جنگ بندی

    شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ شامی حکومت نے کرد جنگجوؤں پر مشتمل سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے ساتھ ملک گیر جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کا تقریباً مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

    اس جنگ بندی کے نتیجے میں تقریباً دو ہفتوں سے حکومتی فورسز اور کرد جنگجوؤں کے درمیان جاری لڑائی ختم ہو گئی ہے۔

    یہ جنگ بندی ایک وسیع تر 14 نکاتی معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت ایس ڈی ایف کو شام کے فوجی اور ریاستی اداروں میں ضم کیا جائے گا۔

    دمشق میں خطاب کرتے ہوئے صدر احمد الشراع کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے شام کے ریاستی اداروں کو تین مشرقی اور شمالی گورنریٹس الحسکہ، دیر الزور اور رقہ پر دوبارہ کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔

    اس معاہدے کا اعلان دمشق میں شام کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی ٹام بیرک اور احمد الشراع کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔

    امریکی ایلچی کا کہنا ہے یہ معاہدہ ایک ’متحد شام‘ کی جانب ایک قدم یے۔

    احمد الشراع نے بتایا کہ ایس ڈی ایف کے کمانڈر مظلوم عبدی نے بھی میٹنگ میں شرکت کرنی تھی تاہم خراب موسمی حالات کے باعث وہ سفر نہیں کر سکے اور ان کا دورہ پیر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    ایک ٹیلی ویژن خطاب میں، عبدی نے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ دارالحکومت سے واپسی پر شام کے کردوں کو معاہدے کے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

  2. ’نوبل انعام علامتی طور پر بھی کسی کو منتقل نہیں کیا جا سکتا‘

    نوبل انعام دینے والی تنظیم نوبل فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ تنظیم کی جانب سے دیا جانے والا انعام علامتی طور پر بھی کسی کو منتقل نہیں کیا جا سکتا ہے۔

    نوبل فاؤنڈیشن کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نوبل فاؤنڈیشن کے بنیادی مشن میں سے ایک نوبل انعام کے وقار کی حفاظت کرنا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فاؤنڈیشن الفریڈ نوبل کی وصیت اور ان کی شرائط کو برقرار رکھنے کی پابند ہے۔

    تنظیم کا کہنا ہے کہ ان شرائط میں شامل ہے کہ یہ انعام ان لوگوں کو دیے جائیں گے جنھوں نے ’انسانیت کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچایا ہو‘ اور یہ بھی کہ کون ان انعامات کا اعلان کر سکتا ہے۔ ’اس لیے یہ انعام علامتی طور پر بھی کسی کو منتقل یا آگے نہیں دیا جا سکتا۔‘

    نوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ اعلان وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر مرِیا کورینا مَچاڈو کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے اپنا نوبل انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

    گذشتہ ہفتے امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد مچاڈو نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ’میں نے امریکہ کے صدر کو نوبل امن انعام کا تمغہ پیش کیا۔‘ انھوں نے اپنے اس اقدام کو ٹرمپ کی جانب سے وینزویلا کی ’آزادی کے ساتھ ان کی منفرد وابستگی کا اعتراف‘ قرار دیا۔

    بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے ایکس پر صدر ٹرمپ اور مَچاڈو کی تصویر شیئر کی جس میں صدر ٹرمپ وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر کا نوبل انعام کا تمغہ تھامے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

  3. خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ ایران کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا: ایرانی صدر

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ ایرانی قوم کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا۔

    اتوار کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کی ایک بڑی وجہ طویل عرصے سے امریکی دشمنی اور اس کی جانب سے عائد غیر انسانی پابندیاں ہیں۔

    انھوں نے خبردار کیا کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ پر کسی بھی قسم کا حملہ ایرانی قوم کے خلاف جنگ تصور کا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سنیچر کے روز امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی جریدے پولیٹیکو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایران میں نئی ​​قیادت تلاش کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘

    ٹرمپ نے آیت اللہ خامنہ ای کو ’ایک بیمار شخص‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی رہبرِ اعلیٰ کو ’اپنے ملک کو صحیح طریقے سے چلانا چاہیے اور لوگوں کو مارنا بند کرنا چاہیے۔‘

    اس سے قبل بھی ٹرمپ متعدد بار ایران میں قیادت کی تبدیلی کی ضرورت کے متعلق بیان دے چکے ہیں۔

  4. سپین میں دو ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک

    جنوبی سپین کے قصبے آدموز کے نزدیک ایک ٹرین پٹری سے اتر کر مخالف سمت سے آتی ہوئی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 21 ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریل نیٹ ورک آپریٹر عدیف کے مطابق یہ واقعہ قرطبہ شہر کے نزدیک واقع آدموز قصبے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ملاگا سے میڈرڈ جانے والی ایک تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر کر دوسری پٹری پر چڑھ گئی۔

    پٹری سے اترنے والی ٹرین مخالف سمت سے آنے والی ایک ٹرین سے ٹکرا گئی۔ اندلس کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ اس تصادم کے نتیجے میں مجموعی طور پر کم از کم 73 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    سپین کے وزیر ٹرانسپورٹ آسکر پوینٹے کے مطابق 30 سے ​​زیادہ شدید زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

    انھوں نے اسے ’انتہائی عجیب‘ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرین جہاں پٹری سے اتری ہے ٹریک کا وہ بالکل سیدھا ہے جس کی پچھلے سال مئی میں مرمت کی گئی تھی۔

  5. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • امریکی صدر ٹرمپ نے ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، ناروے، سویڈن اور برطانیہ کی برآمدات پر محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
    • ڈنمارک کے وزیرِ خارجہ لارس لوکے راسموسن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا گرین لینڈ پر قبضے کی مخالفت کرنے والے آٹھ یورپی مملک ہر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان ’انتہائی غیرمنتطقی‘ ہے۔
    • امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ٹرمپ کے محصولات کے منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لینڈ کا دفاع صرف اسی صورت ممکن ہے جب وہ امریکہ کا حصہ ہو، اور اگر وہ امریکہ کا حصہ ہو تو اسے دفاع کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔‘
    • سنیچر کی شب کراچی کے علاقے صدر میں واقع گُل پلازہ میں لگنے والی آگ سے اب تک کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایک فائر فائٹر سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت کی کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 50 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
    • امریکہ میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم ’ہیٹ سپیچ ایونٹس ان انڈیا‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈیا میں 2025 میں نفرت انگیز تقاریر کے کل 1,318 واقعات ریکارڈ کیے گئے جو 2023 کے مقابلے میں 97 فیصد زیادہ ہیں۔
    • شامی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ شامی فوج نے ملک کے شمال میں واقع شہر طبقہ کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
  6. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔