پاکستان کا ’پُر امن مقاصد کے لیے‘ ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل کی ایران پر جارحیت کا کوئی جواز نہیں تھا، ایرانی قیادت نےدلیرانہ اندازمیں دشمن کےخلاف مضبوط فیصلےکیے۔

خلاصہ

  • خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مکان پر ایک گولہ گر نے سے ایک شخص ہلاک اور دو خواتین زخمی ہوگئی ہیں۔
  • خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل متحدہ عرب امارات سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا رہا ہے۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے سابق روسی صدر دمتری میدوی ایدف کے 'اشتعال انگیز' بیانات کے جواب میں دو امریکی جوہری آبدوزوں کو 'مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنے' کی ہدایت جاری کر دی ہیں
  • ہائبرڈ نظام ملک سے اپوزیشن کا خاتمہ چاہتا ہے: آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ
  • غزہ میں تقسیم کے متنازع مقامات پر امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کا دورہ
  • 5 اگست کو توڑ پھوڑ کا کوئی ارادہ نہیں،عمران خان جیل میں ثابت قدم ہیں: سلمان اکرم راجہ

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے!

    بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    چار اگست کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

  2. پاکستان کا ’پُر امن مقاصد کے لیے‘ ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان

    Pakistan, Iran

    ،تصویر کا ذریعہPID

    پاکستان نے کہا ہے کہ وہ پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں۔

    اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔

    گذشتہ روز ایرانی صدر اپنے پہلے دورہ پاکستان پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری قوت حاصل کرنے کا پورا حق حاصل ہے، پاکستان ایران کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل کی ایران پر جارحیت کا کوئی جواز نہیں تھا، ایرانی قیادت نے دلیرانہ اندازمیں دشمن کےخلاف مضبوط فیصلے کیے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ ’ایران ہمارا انتہائی برادر اور دوست ملک ہے، ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کےعوام نے بھرپور مذمت کی۔‘

    مسعود پزشکیان اور سیاسی کشمکش کے بیچ دم توڑتی امیدیں: ’ایران میں اگلا بحران باہر سے نہیں بلکہ ملک کے اندر ہی سے جنم لے گا‘

    شہباز شریف نے کہا کہ ’جنگ میں ایرانی فوج اور عوام نے ثابت قدم کا مظاہرہ کیا، ایرانی قیادت اورفوج نے بہادری سے اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کیا، ایرانی قیادت نے دلیرانہ انداز میں دشمن کے خلاف مضبوط فیصلے کیے۔‘

    پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، پاکستان ایران کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’مفاہمتی یادداشتیں جلد معاہدوں میں تبدیل ہوں گی اور 10 ارب ڈالر تجارتی ہدف جلد حاصل کریں گے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ایران کی سوچ یکساں ہے، خطے میں امن اور ترقی کی شاہراہیں کھولنی ہیں، خطے میں ترقی اور خوشحالی پائیدار امن سے ہی ممکن ہے۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل خطے کو عدم استحکام کاشکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، غزہ، لبنان اور شام میں جارحیت اسرائیلی مذموم عزائم کا حصہ ہیں، امن کے لیے مسلمان ممالک کو متحد ہونا چاہیے۔

    مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کو اسرائیلی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں، عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں، علامہ اقبال کی شاعری ہمارے لیے بھی مشعل راہ ہے، علامہ اقبال کی شاعری کی اساس امت مسلمہ کا اتحاد ہے۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، دو طرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں آگے بڑھا رہے ہیں، سیاسی، اقتصادی، ثقافتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ ترجیح ہے۔

  3. ٹریڈنگ کارپوریشن کو چینی درآمد سے متعلق بولیاں موصول، حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی, تنویر ملک، صحافی

    شوگر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو چینی درآمد کرنے سے متعلق تین بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ اب یہ بولیاں وفاقی حکومت کو بھیجی جائیں اور اس پر وفاقی کابینہ حتمی بولی کی منظوری دے گی۔

    پاکستان میں اجناس کے شعبے کے ماہر شمس الاسلام نے پاکستان میں شوگر کی برآمد اور درآمد کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں ساڑھے سات لاکھ ٹن چینی کی برآمد کے بعد جب قیمت میں اضافہ ہوا تو حکومت کی جانب سے اتنی مقدار میں چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ جس میں ڈھائی لاکھ ٹن خام شوگر اور پانچ لاکھ ٹن ریفاینڈ شوگر تھی۔

    ان کے مطابق جب شوگر ملوں کی جانب سے بتایا گیا کہ مقامی شوگر ملیں خام شوگر کو ریفائںنڈ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں تو پھر 5 لاکھ ٹن شوگر امپورٹ کرنے کے بجائے تین لاکھ ٹن چینی امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا کہ اگست کے شروع میں چینی آ جائے تاہم پھر ایک لاکھ ٹن تک باہر سے منگوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ کہ ایک لاکھ ٹن چینی کی درآمد کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو نے ٹینڈر جا ری کیا اور اسے تین بولیاں وصول ہوئی ہیں۔

    ان کے مطابق اب یہ بولیاں وفاقی حکومت کو بھیجی جائیں گی اور پھر وفاقی کابینہ اس پر فیصلہ کرے گی۔ انھوں نے کہا جو بولیاں وصول ہوئی ہیں اس پر درآمدی چینی کی قیمت ٹیکس سمیت 200 روپے کلو سے اوپر ہوگی جب کہ ٹیکس کے بغیر اس کی درآمدی قیمت 167 سے 175 روپے فی کلو تک تخمینہ ہے۔

  4. بنوں میں پولیس چوکی پر حملے کے بعد جوابی کارروائی میں تین شدت پسند ہلاک: حکام

    بنوں پولیس چوکی

    ،تصویر کا ذریعہKP POLICE

    حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں فتح خیل پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا ہے جبکہ جوابی کارروائی میں تین شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

    ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سنیچر کی شب بنوں کے نواحی علاقے میں واقع پولیس چوکی فتح خیل پر نامعلوم شدت پسندوں نے ’چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا‘ جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’دہشتگردوں نے پولیس کی رسد اور کمک کو روکنے کیلئے راستے میں دو ناکے لگائے تھے۔‘

    ’حملے کی اطلاع پر ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی الگ الگ پولیس پارٹیوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشتگردوں کی طرف سے لگائے گئے ناکوں کا مقابلہ کرتے ہوتے چوکی تک پہنچے۔‘

    بنوں پولیس چوکی

    ،تصویر کا ذریعہKP POLICE

    پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں تین شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ ’جائے واردات سے دو دہشتگردوں کی لاشیں برآمد کی گئیں، جبکہ ایک ہلاک دہشتگرد کی لاش کو اس کے ساتھی اپنے ساتھ گھسیٹ کر لے گئے۔ مقام واردات سے خون آلود جوتے اور خون کے نشانات بھی ملے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ متعدد زخمی دہشتگردوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔‘

    جبکہ حکام کے مطابق اس حملے میں ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔ ’واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔‘

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کی جوابی کارروائی کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘

  5. یوکرین اور روس کے ایک دوسرے پر تازہ حملے: سوچی میں تیل ڈپو اور میکولائیو میں رہائشی علاقے نشانے پر

    DSNS Ukraine

    ،تصویر کا ذریعہDSNS Ukraine

    اتوار کی صبح روس میں بحیرہ اسود کے سیاحتی مقام سوچی کے قریب تیل کے ایک بڑے ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی جس کا الزام روسی حکام نے یوکرین کے ڈرون حملے پر عائد کیا ہے۔

    اس کے بعد اسی علاقے میں واقع سوچی ایئرپورٹ سے پروازیں معطل کردی گئیں۔

    کراسنوڈار ریجن کے گورنر وینیمین کونڈراتیف نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ ڈرون کا ملبہ ایک ایندھن کے ٹینک سے ٹکرا گیا تھا اور 127 فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف تھے۔

    ادھر جنوبی یوکرین کے شہر میکولائیو میں حکام نے بتایا کہ روسی میزائل حملے سے شہریوں کے مکانات اور انفراسٹرکچر تباہ ہو گئے ہیں۔

    بحیرہ اسود کے قریب واقع اس قصبے میں ہونے والے حملے میں کم از کم تین شہری زخمی ہوئے۔ روس کئی بار اس قصبے پر گولہ باری کر چکا ہے۔

    یوکرین کی ایمرجنسی سروس نے میزائل حملے کے بعد جائے وقوعہ پر فائر فائٹرز کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔

  6. مجھے بھی نہیں پتا کہ افزودہ یورینیم کہاں رکھا گیا ہے: ایرانی وزیرِ خارجہ کا دعویٰ

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران اب بھی یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    ،تصویر کا کیپشنایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران اب بھی یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ انھیں بھی نہیں پتا کہ ایرانی جوہری تنصیبات سے ہٹایا گیا افزوردہ یورینیم کہاں رکھا گیا یے۔

    یاد رہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ اور ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد ایرانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ حملوں سے قبل ہی افزودہ یورینیم کو ان پلانٹس سے ہٹا دیا گیا تھا۔

    بین الاقوامی جریدے فنانشل ٹائمز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں عراقچی کا کہنا تھا کہ انھیں ںہیں معلوم کہ افزودہ یورینیم کہاں رکھا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اب بھی یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ’عمارتیں دوبارہ بنائی جا سکتی ہیں، گاڑیاں تبدیل کی جا سکتی ہیں کیونکہ ہمارے پاس ٹیکنالوجی موجود ہے۔‘

    ان کا کہا تھا کہ ایران کے پاس ایسے بہت سارے سائنسدان اور ٹیکنیشین ہیں جو ان تنصیبات پر پہلے بھی کام کر چکے ہیں۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ تہران یورینیم کی افزودگی دوبارہ کب اور کیسے شروع کرتا ہے، اس کا دارومدار حالات پر ہے۔

    اس سے قبل ایک سینیئر اسرائیلی عہدیدار نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے اندازوں کے مطابق، ایران نے افزودہ یورینیم کے ذخائر فرودو، نظنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات سے نہیں ہٹائے تھے اور وہ اب بھی وہیں موجود ہیں۔

  7. حماس کا فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار ڈالنے سے انکار

    حماس

    ،تصویر کا ذریعہEPA-EFE/REX/Shutterstock

    حماس نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

    فلسطینی مسلح تنظیم کا کہنا تھا کہ یہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ سٹیو وٹکوف کے اس بیان کا ردِ عمل ہے جس میں انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس نے ہتھیار ڈالنے پر ’رضامندی ظاہر کی ہے۔‘

    اسرائیل کی جانب سے تنازع کو ختم کرنے کی کئی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ حماس غیر مسلح ہو جائے۔

    اسرئیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے ہونے والے بالواسطہ مذاکرات گذشتہ ہفتے تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔

    گذشتہ چند دنوں میں عرب ممالک نے حماس پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کا کنٹرول چھوڑ دے اور غیر مسلح ہو جائے۔ یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانس اور کینیڈا سمیت متعدد مغربی ممالک نے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے ستمبر تک کچھ شرائط پوری نہیں کیں تو وہ بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔

    حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ’مزاحمت اور ہتھیار‘ رکھنے کے اپنے حق کو اس وقت تک ترک نہیں کرے گی جب تک کہ ’ایک آزاد اور مکمل خودمختار فلسطینی ریاست‘ قائم نہیں کر دی جاتی جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔

  8. ایرانی صدر کی دو روزہ سرکاری دورے پر اعلیٰ سرکاری وفد کے ساتھ پاکستان آمد

    IRNA

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر سنیچر کے روز لاہور پہنچے۔

    لاہور ایئرپورٹ آمد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیرِ ہاوسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے ان کا استقبال کیا۔

    ایرانی صدر یہ دورہ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے جس میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینئر وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

    صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعلی مریم نوازشریف کے ہمراہ مزاراقبال پر حاضری دی۔ ایرانی صدر نے مزار اقبال پر فاتحہ پڑھی، پھول رکھے اور کتاب میں تاثرات تحریر کیے۔ بعدازاں ایرانی صدر اپنے وفد کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد پہنچے۔

    اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

    پاکستانی سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق ایرانی صدر اپنے قیام کے دوران اپنے ہم منصب صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ بہت سے اہم معاملات زیر بحث آئے تھے اور موجودہ دورے کے دوران بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم اور تعاون کو بڑھانے کے لیے کئی معاہدے متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہوگا اور اس سے سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا-

    IRNA

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

    اس سے پہلے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے رواں سال 26 مئی کو ایران کا دورہ کیا تھا اور انھیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تھی۔

    پاکستانی سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق توقع ہے کہ ایرانی صدر کے دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    ایرانی صدر نے شاندار استقبال پر محمد نواز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب عثمان انور و دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  9. ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر کے ریمانڈ میں 20 روز کی توسیع, محمد کاظم/بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور پانچ دیگر عہدیداروں سمیت چھ افراد کی ریمانڈ میں مزید 20 روز کی توسیع کی گئی۔

    انھیں سابقہ 15 یوم کی ریمانڈ کے خاتمے پر سنیچر کے روز دوبارہ کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا۔ ان میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے علاوہ بی وائی سی کے دیگر عہدیداروں بیبو بلوچ، گلزادی بلوچ، صبغت اللہ، دونوں پیروں سے مفلوج بیبرگ بلوچ اور نیشنل پارٹی کے سینیئر کارکن اور بیبو بلوچ کے والد غفار بلوچ شامل تھے۔

    ان کے وکیل اسرار جتک ایڈووکیٹ نے ان کی ریمانڈ میں توسیع کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے یہ الزام عائد کیا کہ حکومت کے پاس ثبوت نہیں جس کی وجہ سے وہ معاملے کو صرف طول دینا چاہتی ہے۔

    تھری ایم پی او کے تحت تین ماہ سے زائد کے عرصے تک زیر حراست رکھنے کے بعد ان کی سول لائنز پولیس سٹیشن اور بروری پولیس اسٹیشن میں درج تین ایف آئی آرز میں گرفتاری ظاہر کی گئی تھی۔

    عدالت نے خواتین سمیت تمام افراد کو مزید 20 روز کی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم صادر کیا۔ اسیران کے وکلا میں سے اسرارجتک ایڈووکیٹ نے پیشی کے بعد بتایا کہ پولیس کی جانب سے مزید ریمانڈ کا کوئی منطق نہیں ہے۔ ’ہمارے موکلان کے خلاف کسی ریکوری کا کیس نہیں ہے۔ بلکہ تقاریر اور جلسوں کی بنیاد پر مقدمات بنائے گئے ہیں جن کی تفتیش چند گھنٹوں میں ہوسکتی ہے لیکن یہ کوئی پراگریس دکھانے کی بجائے ریمانڈ پر ریمانڈ حاصل کر رہے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مرد موکلوں کو کینٹ پولیس سٹیشن منتقل کیا جاتا ہے جس کا جواز نہیں کیونکہ مقدمات کینٹ تھانے کی حدود کے نہیں ہیں۔

    بی وائی سی کے رہنمائوں کو سیشن کورٹ بکتر بند گاڑیوں میں لایا گیا۔ انھوں نے عدالت میں پیشی اور اس کے بعد سیشن کورٹ کے احاطے میں موجود لوگوں سے بات چیت کی اور ہاتھوں سے وکٹری کے نشان بنائے۔

  10. لکی مروت کے گاؤں سربند میں دھماکہ: پانچ بچے ہلاک، 13 افراد زخمی

    سربند گاؤں

    ،تصویر کا ذریعہRescue 1122

    خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے گاؤں سربند میں ایک دھماکے سے پانچ بچے ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔

    اس دھماکے کی نوعیت کے بارے میں مختلف اطلاعات ہیں تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کو آر پی جی سیون کا ایک گولہ ملا تھا جس سے دھماکہ ہوا۔

    سربند کے علاقے شیخ خیلہ میں کل رات ایک مکان پر گولہ گرنے سے بھی ایک شخص ہلاک اور دو خواتین زخمی ہو گئی تھیں۔

    لکی مروت پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ سربند گاؤں میں بچوں کو ایک آر پی جی سیون کا گولہ ملا تھا جس سے وہ کھیل رہے تھے اور اس دوران دھماکہ ہوا۔

    انھوں نے بتایا کہ اس دھماکے سے پانچ بچے ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک تھی جنھیں بنوں ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔

    ایک زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ باقی زخمی ڈسٹرکٹ ہسپتال لکی مروت میں داخل ہیں۔

    لکی مروت کے مقامی رہنما اور امن جرگہ کے ممبر نصیر تراب خان نے سٹی ہسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مروت قوم کے تمام رہنما اور قائدین اس گاؤں میں جا کر حالات کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    اس واقعہ کے بعد لکی مروت ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی تھی اور ہسپتال انتظامیہ نے تمام عملے کو ہسپتال میں حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔

  11. ڈیرہ بگٹی میں ’بارودی سرنگ پھٹنے سے‘ کم از کم دو افراد ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو/کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

    مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ ضلع کی تحصیل سوئی کے علاقے لنجو سغاری میں پیش آیا۔

    ڈیرہ بگٹی میں لیویز فورس کے ایک اہلکار محمد اقبال نے بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم افراد نے بارودی سرنگ نصب کی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ بارودی سرنگ کو دیکھنے کے بعد دھماکے کا نشانہ بننے والے افراد نے اس کو نکالنے کی کوشش کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کوشش کے دوران بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

    انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت زاہد چاکرانی اور وشو چاکرانی جبکہ زخمی شخص کی شناخت سادا چاکرانی کے نام سے ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ زخمی فرد کو طبی امداد کے لیے سوئی منتقل کیا گیا ہے۔

  12. وفاقی حکومت کا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو - اسلام آباد

    غیر ملکیوں کی واپسی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے ضلع انتظامیہ، پولیس، جیل انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق انڈر ٹرائل افغان باشندوں کی واپسی کے لیے فارن ایکٹ کی دفعہ 14بی لگائی جائے گی جبکہ سزا کاٹنے والے یا جن کا مقدمہ چل رہا ہے انھیں بھی واپس بھیجا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ان میں باشندے شامل ہوں گے جو معمولی جرائم میں ملوث ہیں تاہم قتل اغوا اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث افغان باشندوں کو واپس نہیں بھیجا جائے گا۔

    وزارت داخلہ کے مطابق پروف آف رجسٹریشن کارڈ کی مدت 30 جون کو ختم ہو چکی ہے جس کے بعد پی او آر کارڈ ہولڈر کا قیام غیر قانونی ہے۔

    وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو گرفتار کر کے ملک بدر کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ وزرارت سیفران نے گزشتہ ماہ وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پی او آر والے افغان باشندوں کے قیام میں توسیع کے حوالے سے ؤفاقی حکومت کو درخواست کی گئی ہے لہٰذا ایسے افغان باشندوں کو تنگ نہ کیا جائے۔

    تاہم وفاقی حکومت نے ابھی تک اس خط پر کوئی ردعمل نہیں دیا تھا۔

  13. انڈین فوج کا کولگام میں ’آپریشن اخال‘ کے تحت ایک عسکریت پسند مارنے کا دعویٰ

    انڈین فوج نے اپنے زیر انتظام جموں و کشمیر کے علاقے کولگام میں ’آپریشن اخال‘

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    انڈین فوج نے اپنے زیر انتظام جموں و کشمیر کے علاقے کولگام میں ’آپریشن اخال‘ کے تحت ایک عسکریت پسند کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انڈین فوج نے لکھا کہ ’کلگام میں آپریشن اخال کے دوران رات بھر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ چوکس فوجیوں نے جوابی کارروائی کی اور گھیرا مضبوط کیا۔‘

    بیان کے مطابق اب تک سیکیورٹی فورسز نے ایک عسکریت پسند ہلاک کیا ہے۔ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔‘

    انڈین فوج کی چنار کور کے مطابق جمعے کی شام کولگام ضلع کے اکھل علاقے میں ’آپریشن اخال‘ شروع کیا گیا تھا۔

  14. اگر یہ سچ ہے کہ انڈیا نے روس سے تیل خریدنا بند کر دیا ہے تو یہ ایک ’اچھا قدم‘ ہے: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے اگر یہ سچ ہے کہ انڈیا نے اب روس سے تیل خریدنا بند کر دیا ہے تو یہ ایک ’اچھا قدم‘ ہے۔

    صدر ٹرمپ نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب دو روز قبل ہی امریکہ نے روس سے خام تیل اور فوجی ساز و سامان خریدنے پر انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جہاں تک مجھے سمجھ آ رہا ہے کہ انڈیا اب روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ میں نے یہ سنا ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ سچ ہے یا نہیں۔ اگر ایسا ہے تو یہ ایک اچھا قدم ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔‘

    دوسری جانب بی بی سی ہندی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال سے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں جب ان رپورٹوں کے بارے میں پوچھا گیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انڈین تیل کمپنیوں نے گزشتہ ہفتے روس سے تیل خریدنا بند کر دیا ہے۔

    رندھیر جیسوال نے اس کے جواب میں کہا کہ ’ہم بین الاقوامی منڈی میں تیل کی دستیابی اور اس وقت کی عالمی صورتحال کی بنیاد پر فیصلے لیتے ہیں۔ جہاں تک آپ کے سوال کا تعلق ہے میں اس بات سے لاعلم ہوں اور میرے پاس اس سے متعلق تفصیلات نہیں ہیں۔‘

  15. لکی مروت میں مکان پر گولہ گر نے سے ایک شخص ہلاک اور دو خواتین زخمی, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور

    لاش

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مکان پر ایک گولہ گر نے سے ایک شخص ہلاک اور دو خواتین زخمی ہوگئی ہیں۔

    یہ واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکہ بظاہرکسی کواڈ کاپٹر کے زریعے کیا گیا ہے لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ کواڈ کاپٹر یا گولہ کیسے اور کس نے فائر کیا ہے۔

    پولیس تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق شیخ خلہ کے مقام پر لگ بھگ آٹھ بجے رات ایک مکان میں خواتین بھیڑ بکریوں کو سنبھال رہی تھیں کہ اتنے میں ایک گولہ مکان کے صحن میں گرا جس سے خاندان کے سربراہ عزیزاللہ اور دو خواتین زخمی ہوگئیں۔

    ایف آئی آر کے مطابق عزیزاللہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ خواتین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اس ایف آئی آر میں نا معلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ اس بارے میں مذید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    لکی مروت میں حالیہ دنوں میں یہ دوسرا ایسا دھماکہ ہوا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کواڈ کاپٹر یا ڈرون کے زریعے کیا گیا ہےـ

    ضلع لکی مروت کے قریب ضلع بنوں میں کواڈ کاپٹر کے متعدد حملے ہو چکے ہیں جن میں بیشتر تھانہ میریان اور اس کے قریب کیے گئے ہیں۔

    خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں چند ماہ سے کواڈ کاپٹرز کے زریعے حملے کیے جا رہے ہیں اور ان میں زیادہ تر میں عام شہریوں کو نقصان ہو رہا ہے۔

  16. اسلام آباد، راولپنڈی سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے

    زلزلے کے جھٹکے

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی،ایبٹ آباد اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ممحکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ رات گئے دو بج کر چار منٹ پر آیا جس کی شدت 5.4 جبکہ گہرائی 102 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

    یاد رہے کہ ماہرین کے مطابق زلزلے مختلف ارضیاتی عوامل کے ایک پیچیدہ اور متحرک مجموعے کے سبب آتے ہیں۔

  17. اسرائیل نے متحدہ عرب امارات سے اپنے متعدد سفارتی عملے کو واپس آنے کے احکامات جاری کر دیے

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیل نے متحدہ عرب امارات سے اپنے متعدد سفارتی عملے کو واپس آنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل متحدہ عرب امارات سے اپنے زیادہ تر سفارتی عملے کو واپس بلا رہا ہے۔

    یہ احکامات اسرائیلی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے خلیجی ملک میں مقیم اسرائیلیوں کے لیے سفری انتباہ کو مزید سخت کر نے کی ہدایات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ 2020 میں جب امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے ’ابراہام معاہدے‘ کے تحت متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ باضابطہ تعلقات قائم کیے تھے اور وہاں کی اسرائیلی اور یہودی برادری کو وہاں زیادہ نمایاں حیثیت حاصل ہو گئی تھی۔

    یہ گزشتہ 30 برسوں میں کسی بھی عرب ملک کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا سب سے نمایاں قدم تھا۔

    سفری انتباہ میں کیا کہا گیا ہے

    روئٹرز کے مطابق اسرائیلی نیشنل سیکیورٹی کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اس سفری انتباہ پر زور دے رہے ہیں کیونکہ ہمیں اندازہ ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں (ایران، حماس، حزب اللہ اور گلوبل جہاد) اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی اپنی کوششوں میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔‘

    این ایس سی نے خبردار کیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں یہودی اور اسرائیلی افراد کو نشانہ بنانے کی ممکنہ کوششیں کی جا سکتی ہیں خاص طور پر یہودی تعطیلات اور ان کے مقدس تہواروں کے مواقع پر یہ خطرہ زیادہ ہے۔‘

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے دفتر نے فوری طور پراس پر تبصرہ نہیں کیا۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے بھی فوری کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

    یاد رہے کہ اسرائیل کو حالیہ ایرانی اہداف کے خلاف اپنی فوجی کارروائی کے بعد ممکنہ جوابی حملوں کا خدشہ ہے جبکہ دوسری طرف اسے غزہ کی پٹی میں جاری انسانی بحران پر عالمی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔

  18. اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے۔ سنیچر کے روز کی تازہ خبروں کو شامل کرنے سے پہلے گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔

    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے سابق روسی صدر دمتری میدوی ایدف کے ’اشتعال انگیز‘ بیانات کے جواب میں دو امریکی جوہری آبدوزوں کو ’مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنے‘ کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
    • اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
    • ترجمان ریسکیو نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر 25 لوگوں کو فرسٹ ایڈ دی گئی ہے جبکہ مجاہد حسین جن کی عمر 25 سال ہے کو ریسکیو کرکے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔
    • محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے بلوچستان بھر میں 15 دن کے لیے دفعہ 144کا نفاذ کردیا ہے۔ اس حکم کے بعد عوامی مقامات پر ماسک پہننے پر پابندی عائد ہوگی۔ دفعہ 144کے تحت 15دن تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔ جبکہ پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع ، دھرنوں اور احتجاج پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
    • بنگلہ دیش نے امریکہ کی جانب سے خود پر لگنے والے ٹیرف کو 35 سے 20 فیصد پر آ جانے کو اپنی فیصلہ کن سفارتی فتح قرار دیا ہے۔ امریکہ بنگلہ دیش کی سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے جو اس کی کل برآمدات کا 17 فیصد ہے۔ ریڈی میڈ گارمنٹس امریکہ کو ہونے والی برآمدات کا تقریبا 90 فیصد بنتا ہے۔
    • کراچی میں نامعلوم افراد کے حملے میں سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی فیز 6 میں مسجد کے باہر ان پر حملہ کیا گیا۔
    • تحریک تحفظ آئین کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہائبرڈ نظام ملک سے اپوزیشن کا خاتمہ چاہتا ہے۔
    • امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے چند گھنٹے غزہ میں خوراک کی تقسیم کے متنازع مقامات پر گزارے جھنیں امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے مقامی فلسطینیوں کے لیے چلایا جا رہا ہے۔
    • ایران کے صدر مسعود پژشکیان سنیچر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ صدر آصف زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔
    • پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے اور پانچ اگست سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
    • یوکرین میں حکام کا کہنا ہے کہ کیئو کے متعدد اضلاع پر روسی ڈرونز اور میزائلوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں، جبکہ اس روسی حملے میں 159 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
  19. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید! اس صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تجزیے شامل کرتے ہیں۔

    اگر آپ یکم اگست یا اس سے قبل کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔