الیکشن کمیشن نے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت پی ٹی آئی کے نو اراکین اسمبلی اور سینیٹ کو نااہل قرار دے دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نو مئی کے کیسز میں انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں سے سزائیں پانے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے نو اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ نااہل قرار پانے والوں میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز شبلی فراز اور عمر ایوب خان سمیت زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز، رائے حیدر علی خان، محمد انصر اقبال، جنید افضل ساہی اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال شامل ہیں۔

خلاصہ

  • الیکشن کمیشن نے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت تحریک انصاف کے نو اراکین اسمبلی اور سینیٹ کو نااہل قرار دے دیا ہے
  • پاکستان تحریکِ انصاف سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہونے کے موقع پر آج ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے
  • یوکرین کی جنگ میں پاکستانی جنگجوؤں کی شرکت کا الزام بے بنیاد ہے: دفتر خارجہ
  • پاکستانی جنگجو روس کی جانب سے لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں: یوکرینی صدر زیلنسکی کا دعویٰ
  • روسی تیل کی خریداری پر ٹرمپ نے انڈیا پر عائد ٹیرف مزید بڑھانے کی دھمکی دے دی
  • اسرائیلی انٹیلیجنس کے سابق سربراہوں کا صدر ٹرمپ کو غزہ جنگ رکوانے کے لیے خط

لائیو کوریج

  1. انڈیا میں بادل پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی: 50 سے زائد لاپتہ، چار ہلاک

    ANI

    ،تصویر کا ذریعہANI

    انڈیا کی شمالی ریاست اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) سے پانی کی سطح اچانک بڑھ گئی جس سے دھرالی گاؤں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

    اترکاشی کے ضلعی مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں اور کچھ املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ سے مراد انتہائی، قلیل مدت میں ایک چھوٹے سے علاقے میں اچانک بارش کا ہونا ہے‘ جو اکثر اچانک سیلاب کا باعث بن جاتی ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ انڈین وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ہوا جب تیز بارش کے باعث کھیر گنگا ندی میں طغیانی کے باعث گدلے سیلابی پانی نے سڑکوں اور عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق ’حادثے میں 40 سے 50 مکانات بہہ گئے ہیں اور 50 سے زیادہ افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔‘

    دھرالی سے متعدد ایسی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں جس میں سیلابی ریلہ ہوٹلز، تفریحی مقامات اور مکانات کو اپنے ساتھ بہا لے جا رہا ہے۔

    ادھر دھرالی میں مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور جان و مال کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔

    ایک عینی شاہد نے گدلے پانی کی زد میں آنے والے ہوٹلز اور مکانات کی ویڈیو بنائی جس میں ساتھ وہ یہ بھی کہتا سنائی دے رہا ہے کہ ’بھاگو، بھاگو‘ لیکن پانی اتنا تیزی سے آگے بڑھتا ہے کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملتا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کی زد میں آنے والے ہوٹلز اور مکانات میں متعدد افراد پھنسے ہیں جنھیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

  2. عمران خان کی رہائی کے لیے بلوچستان میں احتجاجی ریلیاں، متعدد کارکن گرفتار, محمد کاظم، کوئٹہ

    تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی رہائی کے لیے منگل کے روز کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

    پولیس نے مختلف شہروں سے تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا جبکہ لورالائی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

    لورالائی میں تحریک انصاف کے ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب ریلی کے شرکا ختم نبوت چوک پہنچے تو وہاں ریلی کے شرکا کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

    لورالائی پولیس کے مطابق لورالائی سے تحریک انصاف کے دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ ریلی کے شرکا کے پتھراؤ سے پولیس کا ایک انسپیکٹر زخمی ہوا۔

    کوہلو شہر میں پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تحریک انصاف کے ضلعی صدر میر قیوم سمیت 15مقامی رہنماؤں اورکارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    قلعہ سیف اللہ میں عمران کی رہائی کے لیے تحریک انصاف اور پشتونخوا میپ کے کارکنوں نے مشترکہ ریلی نکالی۔

    ادھر نصیر آباد کے ہیڈکوارٹر ڈیرہ مراد جمالی میں تحریک انصاف کے سربراہ کی رہائی کے لیے ریلی نکالنے پر 19 کارکنوں جبکہ سنجاوی سے چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    کوئٹہ شہر میں شام کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔

    ریلی کا آغاز ریلوے سٹیشن کوئٹہ سے ہوا۔ مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے اس کے شرکا باچا خان چوک پہنچے جہاں مقررین نے ان سے مختصر خطاب کیا۔

    مقررین نے عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کی گرفتاری اور مبینہ طور پر انھیں جعلی مقدمات میں پابند سلاسل رکھنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

    کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر تحریک انصاف کی خواتین کارکنوں نے بھی عمران خان کی رہائی کے مظاہرہ کیا۔

  3. انڈیا میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تباہی؛ سیلاب میں پھسنے افراد کو نکالنے کی کوششیں

    انڈیا کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) سے تیز بارشوں اور فلیش فلڈنگ کے باعث متعدد افراد کے سیلابی پانی میں پھنسنے کا خدشہ ہے۔

    سب سے زیادہ تباہی اتراکھنڈ کے دھرالی گاؤں میں ہوئی ہے، جہاں آرمی، پیرا ملٹری فورسز اور دیگر امدادی ادارے ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    دھرالی سے متعدد ایسی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں جس میں سیلابی ریلہ ہوٹلز، تفریحی مقامات اور مکانات کو اپنے ساتھ بہا لے جا رہا ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ سے مراد انتہائی، قلیل مدت میں ایک چھوٹے سے علاقے میں اچانک بارش کا ہونا ہے‘ جو اکثر اچانک سیلاب کا باعث بن جاتی ہے۔

    انڈیا سیلاب

    ،تصویر کا ذریعہANI

    کلاؤڈ برسٹ انڈین وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ہوا جب تیز بارش کے باعث کھیر گنگا ندی میں طغیانی کے باعث گدلے سیلابی پانی نے سڑکوں اور عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    ایک عینی شاہد نے گدلے پانی کی زد میں آنے والے ہوٹلز اور مکانات کی ویڈیو بنائی جس میں ساتھ وہ یہ بھی کہتا سنائی دے رہا ہے کہ ’بھاگو، بھاگو‘ لیکن پانی اتنا تیزی سے آگے بڑھتا ہے کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملتا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کی زد میں آنے والے ہوٹلز اور مکانات میں متعدد افراد کے پھنسنے کا خدشہ ہے جنھیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سیلابی پانی کی زد میں آنے والے افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ریسکیو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    انڈیا سیلاب

    ،تصویر کا ذریعہANI

  4. عمران خان کی قید کے دو سال: تحریک انصاف کا کارکنوں کی گرفتاری اور ایف آئی آرز کے اندراج کے دعوے، حکومت کی تردید

    PTI protest

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنپی ٹی آئی پنجاب کے مطابق پولیس اب تک تقریبا ً200 پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر چکی ہے تاہم حکومت اس کی تردید کر رہی ہے

    پاکستان تحریکِ انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کے دوران لاہور سمیت دیگر شہروں میں جماعت کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم حکومت نے گرفتاری سے متعلق پی ٹی آئی کے دعوؤں کو مسترد کیا ہے۔

    پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے گرفتاریوں کی تردید کی ہے تاہم اُن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں سٹرکیں بند کرنے پر کچھ افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

    وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت نہ دینے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے احتجاج سے 48 گھنٹے قبل بذریعہ ڈاک اسلام آباد میں احتجاج کرنے کی اجازت مانگی، جس کے بعد کوئی فالو اپ بھی نہیں کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ پانچ اگست کو کشمیر کی مناسب سے ’یوم استحصال‘ منایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور تحریک انصاف اگر احتجاج کا پلان جمع کرواتی اور انتظامیہ سے رابطے میں رہتی تو سنگجانی میں انھیں جلسے کے لیے مکمل سکیورٹی بھی فراہم کی جاتی۔

    طلال چوہدری نے دعوی کیا کہ تحریک انصاف کے پاس احتجاج کے لیے کو جامع پلان نہیں تھا اور اب وہ حکومت پر الزام عائد کر کے اپنے ناکامی کو چھپانا چاہتے ہیں۔

    اُن کے مطابق چاروں صوبوں میں صرف خبیر پختوانخوا میں تحریک انصاف نے احتجاج کرنے کے لیے باقاعدہ اجازت مانگی تھی۔

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty

    لاہور میں گرفتاریاں اور احتجاج

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) ںے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے لاہور سے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ اس سے قبل پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن حافظ ذیشان رشید کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس منگل کی صبح سے تقریباً 200 پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر چکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے نو تھانوں میں درج ایف آئی آر موصول ہو چکی ہیں۔

    لاہور سے بی بی سی کے نمائند عمر دارز کے مطابق اس وقت لاہور شہر میں کوئی بڑی اور مرکزی ریلی جاری نہیں ہے لیکن شہر کے مختلف صوبائی حلقوں کے اراکین نے اپنے اپنے علاقوں چھوٹی چھوٹی ریلیاں نکالی ہیں۔

    تحریک انصاف کی لاہور میں قدرے بڑی ریلی ایوان عدل کے باہر ہوئی جہاں سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار اور اُن کی بہو اور دیگر کارکنوں کو حراست میں لیا گیا تاہم پولیس اور حکومت دونوں نے گرفتاریوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    اس سے قبل تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے چھ اراکینِ صوبائی اسمبلی کو اُس وقت تحویل میں لیا گیا تھا جب وہ اسمبلی کے باہر احتجاج کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے۔

    پنجاب کی وزیر اطلاعات اعظمی بخاری نے بتایا کہ تحریکِ انصاف کے کسی بھی کارکن کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔

    بی بی سی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات تھیں کہ تحریک انصاف حالاتِ خراب کرے گی اور انھی خدشات کی بنا پر کچھ افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

    لاہور میں ریحانہ ڈار سمیت چھ رکنِ پنجاب اسمبلی کی گرفتاری کی ویڈیوز کے بارے میں اعظمی بخاری نے کہا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن کیسے خوشی سے پولیس وین میں بیٹھ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ یہ سب فوٹو شوٹ اور دکھاوا ہے۔

  5. وزٹ اور بزنس ویزہ پر امریکہ آنے والے مخصوص ممالک کے شہریوں سے 15 ہزار ڈالر گارنٹی فیس لینے کا عندیہ

    ویزہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنمنگل کو محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بی ون-بی ٹو (وزٹ ویزہ) اپلائی کرنے والے مشکوک افراد اس فہرست میں آ سکتے ہیں

    امریکہ نے وزٹ اور بزنس ویزہ (بی ون، بی ٹو) پر امریکہ آنے والے مخصوص ممالک کے شہریوں سے ویزہ فیس کے علاوہ 15 ہزار ڈالرز بطور گارنٹی (زر ضمانت) لینے کا عندیہ دیا ہے۔

    امریکی محکمہؐ خارجہ کے مطابق ابتدائی طور پر 12 ماہ کے اس پائلٹ پروگرام کا مقصد ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی امریکہ میں قیام کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ تاحال امریکی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ نئے فیصلے کا اطلاق کن ممالک کے شہریوں پر ہو گا۔

    منگل کو محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بی ون-بی ٹو (وزٹ ویزہ) اپلائی کرنے والے مشکوک افراد اس فہرست میں آ سکتے ہیں۔

    نوٹس کے مطابق ایسے ہائی رسک ممالک جن کے شہریوں کی بڑی تعداد امریکہ میں ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوتی ہے. ان ممالک کے شہریوں سے بھی ویزہ گارنٹی فیس وصول کی جا سکتی ہے۔

    امریکہ محکمۂ خارجہ کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ قونصلر آفیسر ویزے کی درخواست دینے والے مشکوک شخص کو ویزہ دینے سے قبل 15 ہزار ڈالرز کا بانڈ بھرنے کا کہہ سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی حکام تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن سے متعلق صدر ٹرمپ کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے صدارت سنبھالتے ہی غیر قانونی تارکینِ وطن کا راستہ روکنے کے لیے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا تھا۔ امریکی صدر نے 12 ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے علاوہ کئی ممالک کے شہریوں پر جزوی پابندیاں عائد کی تھیں۔

  6. الیکشن کمیشن نے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت تحریک انصاف کے نو اراکین اسمبلی اور سینیٹ کو نااہل قرار دے دیا

    تحریک انصاف

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نو مئی کے کیسز میں انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں سے سزائیں پانے والے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے نو اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔

    منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز شبلی فراز اور عمر ایوب خان بھی نااہل قرار دیے گئے اراکین پارلیمان میں شامل ہیں۔

    عمر ایوب اور شبلی فراز کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز اور رائے حیدر علی خان کو بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے تحریکِ انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی محمد انصر اقبال، جنید افضل ساہی اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال کو بھی نااہل قرار دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق ان ارکانِ پارلیمان کو آئین کے آرٹیکل تریسٹھ ون ایچ کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے تحت سزا یافتہ شخص پارلیمان کا ممبر نہیں رہ سکتا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران فیصل آباد، سرگودہا اور لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں نے نو مئی 2023 کو سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سرکاری املاک پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات ثابت ہونے پر تحریک انصاف کے درجنوں رہنماؤں، اراکین پارلیمان اور کارکنوں کو سزائیں سنائی تھیں۔

    جمعرات کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے نو مئی کے واقعات سے متعلق ایک کیس کا فیصلہ سُناتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل اور سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شبلی فراز کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ سُنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہیں۔

    یہ فیصلہ نو مئی 2023 کو فیصل آباد میں واقع ایک حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیس میں سُنایا گیا تھا جس میں 185 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جن میں سے 108 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں دی گئی تھیں۔

    تحریک انصاف کے ان رہنماؤں کے نااہل ہونے کے بعد اب الیکشن کمیشن ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کرے گا اور اس ضمن میں انتخابی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔

  7. برٹش پیٹرولیم کا 25 برس کے دوران تیل اور گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت کرنے کا دعویٰ, بزنس رپورٹر، بی بی سی نیوز

    برٹش پیٹرولیم

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنکمپنی ایگزیکٹیو گورڈن بیریل کا کہنا ہے کہ 25 برسوں میں کمپنی کی جانب سے کی جانے والی یہ سب سے بڑی دریافت ہے

    برطانوی کمپنی برٹش پیٹرولیم نے برازیل میں رواں برس کے دوران تیل اور گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع کے بجائے اپنی توجہ فوسل فیولز کی جانب مبذول کر لی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ برازیل کے مشرقی ساحل کے گہرے پانیوں میں مختلف ٹیسٹس کر رہی ہے۔

    برٹش پیٹرولیم کے مطابق تیل کے اس بڑے ذخیرے کی دریافت خام تیل کی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

    کمپنی ایگزیکٹیو گورڈن بیریل کا کہنا ہے کہ 25 برسوں میں کمپنی کی جانب سے کی جانے والی یہ سب سے بڑی دریافت ہے۔ اُن کے بقول کمپنی اس مقام پر اپنا پروڈکشن یونٹ قائم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

    برٹش پیٹرولیم نے فروری میں فیصلہ کیا تھا کہ وہ توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع میں سرمایہ کاری کم کر کے تیل اور گیس کے آپریشنز پر سالانہ اربوں ڈالرز خرچ کرے گی تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے برازیل کے مشرقی ساحل سے لگ بھگ 250 کلومیٹر دُور سینٹوس بیسن میں 500 میٹر رقبے کی نشاندہی کی ہے۔

  8. چین میں چکن گنیہ وائرس کے سات ہزار کیسز رپورٹ

    Virus

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنچکن گنیہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والی ایک وبا ہے

    چین کے گواینڈانگ صوبے میں چکن گنیہ وائرس کے سات ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال جولائی سے لے کر اب تک مچھر سے پھیلنے والے اس وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد حکومتی سطح پر اس کی روک تھام کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    چین کا شہر ’فوشان‘ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جبکہ گواینڈانگ صوبے کے کم سے کم 12 شہروں میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور گذشتہ ایک ہفتے کے دوران تین ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب ہانگ کانگ میں بھی اس وائرس کا ایک کیس اس وقت رپورٹ ہوا جب فوشان شہر سے واپس آنے والے 12 سالہ بچے کو شدید بخار اور درد کی علامات کے ساتھ ہسپتال لایا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر کیسز میں بیماری کی علامات بہت زیادہ شدید نہیں ہیں اور 95 فیصد مریض ایک ہفتے میں صحتیاب ہو رہے ہیں۔

    چکن گنیہ کی وبا جنوبی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا اور افریقی ممالک میں عام ہے لیکن چین میں یہ بہت زیادہ عام نہیں ہے۔ اسی لیے مقامی افراد پریشانی کا شکار ہے۔

    Virus

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنحکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مکانات، گملوں اور دیگر کھلے مقامات پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں

    اس مرض کے پھیلاؤ کے پیش نظر امریکہ نے چین کا سفر کرنے والے افراد کو ’زیادہ احتیاط‘ برتنے کی ہدایات دی ہیں۔

    چین میں حکام نے مقامی افراد کو کہا ہے مکانات، گملوں اور دیگر کُھلے مقامات پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ احتیاط نہ کرنے والے افراد پر 10 ہزار چینی یوان تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    چکن گنیہ وائرس اور اس کی علامات

    چکن گنیہ چھوت کی بیماری نہیں ہے لیکن اس کا پھیلاؤ مچھر کے ذریعے ہوتا ہے اور یہ کسی متاثرہ شخص کو مچھر کاٹنے سے دوسرے شخص تک متنقل ہوتا ہے۔

    وائرس میں مبتلا مریض کی علامات میں تیز بخار، جوڑوں میں شدید درد شامل ہے جو بعض اوقات کئی برسوں تک جاری رہتا ہے۔

  9. ہجوم کو اڈیالہ جیل یا پنجاب کے کسی مقام پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: طلال چوہدری

    طلال چوہدری

    ،تصویر کا ذریعہyoutube/PTVParliament

    پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مظاہرے کے لیے جگہ فراہم کرے گی لیکن کسی ہجوم کو اکٹھا ہو کر اڈیالہ جیل یا پنجاب کے کسی جگہ حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز وزارتِ داخلہ نے چاروں صوبوں کے ساتھ میٹنگ کی اور سب کو کہا کہ پی ٹی آئی سے رابطہ کریں اور پوچھیں کہ یہ کہاں احتجاج کرنا چاہ رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا لیکن اس سے پہلے یہ ضروری ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت متعلقہ حکام سے رابطہ کرے۔

    وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ رات کو یہ اطلاع ملی کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان پارلیمنٹ اسلام آباد میں واقع کے پی ہاؤس میں اکٹھے ہوں گے اور وہاں سے اڈیالہ جیل روانہ ہوں گے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

    ’ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ یہاں سے کوئی ہجوم اکٹھا ہو کر اڈیالہ جیل یا پنجاب کے کسی جگہ حملہ کرے۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پی ٹی آئی کا کوئی بھی قابل ذکر رہنما رابطے میں نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی جانب سے ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

  10. پولیس نے لاہور سے ریحانہ ڈار کو حراست میں لے لیا: پی ٹی آئی کا دعویٰ

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) ںے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے لاہور سے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کو حراست میں لے لیا ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں ریحانہ ڈار کو پولیس وین سے نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن حافظ ذیشان رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس تقریبا ً200 پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر چکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے نو تھانوں میں درج ایف آئی آر موصول ہو چکی ہیں اور باقی تھانوں میں ابھی تک ایف آئی آر کا اندراج نہیں کیا گیا ہے۔

  11. عمران خان کی گرفتاری کے دو سال، پی ٹی آئی کا ملک کے متعدد شہروں میں احتجاج

    پی ٹی آئی

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ان کی جماعت نے آج ملک بھر میں احتجاجی جلسے جلوسوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

    یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں عدالت سے تین سال کی سزا پانے کے بعد عمران خان کو پانچ اگست 2023 کو لاہور میں اُن کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، احتجاجی ریلیوں اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی

    راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت ہر قسم کی احتجاجی ریلیوں، مظاہروں اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مری روڈ، مرید چوک، لیاقت باغ، کمیٹی چوک، رحمان اباد، ڈبل روڈ اور فیض اباد سمیت متعدد علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ مختلف چوراہوں پر قیدی وین بھی کھڑی کی جائیں گی۔

    گذشتہ روز اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی جانب سے ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

    اسلام آباد پولیس کے ادارے سپیشل برانچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کا شہر کے مختلف علاقوں میں چھوٹی چھوٹی ریلیاں نکالنے کا منصوبہ ہے۔ سپیشل برانچ کا دعویٰ ہے کہ اس منصوبے میں اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کی بندش بھی شامل ہے۔

    اسلام آباد اور وارلپنڈی کی پولیس نے اس رپورٹ کی روشنی میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کر دیے۔

    پی ٹی آئِ اڈیالہ

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر ناکے، ایلیٹ فورس تعینات

    پی ٹی آئی کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر ضلع راولپنڈی کی اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر ناکے لگا کر پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ کے باہر ایلیٹ فورس کی نفری تعینات ہے۔

    جیل کے باہر ایمبولنس اور قیدی وین بھی موجود ہے۔

    گذشتہ روز اڈیالہ جیل کے سپرٹنڈنٹ نے سی پی او کو مراسلہ لخھ کر منگل کے روز جیل کے اطراف میں فوری بنیادوں پر اضافی نفری تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔

    خیال رہے کہ عدالتی حکم پر منگل اور جمعرات کو سابق وزیر اعظم عمران خان سے ان کے وکلا اور رشتے داروں کی ملاقاتیں کروائی جاتی ہے۔

    پی ٹی آئی کا لاہور میں جی پی او چوک، ایوانِ اقبال پر احتجاج کا اعلان

    بی بی سی کے نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق، پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور میں آٹھ مقامات پر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ احتجاج کو لاہور ہائی کورٹ کے نزدیک جی پی او چوک اور ایوان اقبال پر مرکوز کیا جائے۔

    بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ابھی پی ٹی آئی لائرز ونگ کی جنرل باڈی کا اجلاس کورٹ میں جاری ہے جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ اںھوں نے وہاں سے مارچ کرتے ہوئے ہائی کورٹ کی طرف جانا ہے یا وہیں احتجاج کرنا ہے۔

    عمر دراز کا کہنا ہے کہ وہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور واٹر کیننز اور قیدی وین بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ایوانِ اقبال پر بھی پولیس کی نفری پہنچ گئی ہے۔

    اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب اسمبلی کے سامنے اکٹھے ہوں گے اور وہاں احتجاج کریں کریں گے جبکہ مقامی عہدیداروں کو اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کا کہا گیا ہے۔

    شہر میں حساس مقامات پر پولیس تعینات ہے لیکن فی الحال سڑکوں کی بندش دیکھنے میں نہیں آ رہی۔

    پی ٹی آئی

    خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے پی ٹی آئی کے قافلے روانہ

    پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کے لیے قافلے روانہ ہو گئے ہیں جبکہ پشاور کی ریلی کے لیے کنٹینر تیار کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پشاور اور ضلع خیبر کی ریلی 4 بجے حیات آباد سے روانہ ہوگی جبکہ دیگر ریلیاں صوابی مردان اور چارسدہ موٹر وے پر ہوں گی۔ اسی طرح نوشہرہ اور مہمد ضلع کی ریلی اٹک پل کے قریب نوشہرہ میں ہوگی۔

    ضلع ہنگو سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی شاہ تراب کی قیادت میں ریلی ہنگو سے ٹل کے لیے روانہ ہو گئی ہے جہاں جلسہ عام کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف پشاور کے رہنما ارباب محمد عاصم نے بی بی سی کے نامہ نگار عزیزاللہ خان کو بتایا کہ اس وقت لوگ تیاریوں میں مصروف ہیں اور شام 4 بجے حیات آباد سے ریلی روانہ ہوگی جس میں باقی علاقوں جیسے متنی، بڈھ بیر، پشتخرہ، باڑہ، اچینی اور دیگر علاقوں سے آنے والے چھوٹے بڑے جلوس مقامی قائدین کی قیادت میں اس بڑی ریلی میں شامل ہوں گے۔

    علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مرتبہ ریلی کے لیے سب سے بڑا کنٹینر تیار کیا گیا ہے جہاں سے قائدین قلعہ بالا حصار کے سامنے خطاب کریں گے۔

    اس کے علاوہ مہمند ڈسٹرکٹ سے ریلی نوشہرہ پہنچے گی جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں ریلی صوبائی صدر جنید اکبر کی قیادت میں روانہ ہوگی۔

    ارباب محمد عاصم کے مطابق، تمام اضلاع، تحصیلوں اور ڈویژن کی سطح پر ریلیوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر عمر امین قیادت کریں گے اور کرک میں شاہد خٹک کی سربراہی میں ریلی نکلے گی۔

    بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بلوچستان میں احتجاج کا اعلان

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی رہا ئی کے لیے احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔

    گذشتہ روز تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان آصف ترین نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں پر مبینہ طور دائر جعلی مقدمات کے خلاف اور ان کی رہائی کے لیے کوئٹہ شہر میں ریلی منعقد کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریلی کے آغاز اور اختتام کے مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان آصف ترین نے مزید بتایا کہ کوئٹہ شہر کی طرح بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی پارٹی کے سربراہ اور دیگر رہنماؤں کی رہائی کے لیے ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔

  12. پاکستانی جنگجوؤں کی روس-یوکرین جنگ میں شرکت کا الزام: بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں، یوکرین سے وضاحت مانگیں گے، دفتر خارجہ

    دفترِ خارجہ

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    پاکستان نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے یوکرین تنازع میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج تک یوکرین کی جانب سے پاکستان سے اس بارے میں باضابطہ طور پر رابطہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی یوکرینی حکام کی جانب سے ان دعوؤں کے متعلق کوئی قابل تصدیق شواہد پیش کیے گئے ہیں۔

    دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اس معاملے کو یوکرینی حکام کے ساتھ اٹھائے گی اور اس حوالے سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرین کے تنازع کے پرامن حل کا خواہاں ہے۔

    سوموار کے روز یوکرینی صدر کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وووچانسک سیکٹر میں تعینات یوکرینی فوجیوں انھیں بتایا ہے کہ روس کی جانب سے پاکستان، چین، ازبکستان، تاجکستان اور متعدد افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے جنگجو اس لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ زیلنسکی کا کہنا تھا، ’ہم اس کا جواب دیں گے۔‘

  13. پاکستانی جنگجو روس کی جانب سے لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں: یوکرینی صدر زیلنسکی کا دعویٰ

    زیلنسکی

    ،تصویر کا ذریعہx/ZelenskyyUa

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے متعدد ممالک کے جنگجو بشمول پاکستانی اور چینی جنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔

    سوموار کے روز ولادیمیر زیلنسکی کا اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہنا تھا کہ انھوں نے وووچانسک کے علاقے میں اگلے محاذوں کا دورہ کیا اور وہاں فوجیوں سے ملاقات کی۔

    زیلنسکی کا کہنا تھا کہ اس دوران ان کی کمانڈرز سے اگلے محاذوں کی صورتحال اور وووچانسک کے دفاع کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ڈرونز کی سپلائی اور تعیناتی، بھرتی، اور بریگیڈز کے لیے براہ راست فنڈنگ کے مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔

    زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ انھیں اس سیکٹر میں تعینات یوکرینی فوجیوں نے بتایا ہے کہ روس کی جانب سے پاکستان، چین، ازبکستان، تاجکستان اور متعدد افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے جنگجو اس لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ زیلنسکی کا کہنا تھا، ’ہم اس کا جواب دیں گے۔‘

    زیلنسکی

    ،تصویر کا ذریعہx/ZelenskyyUa

    بی بی سی یوکرینی صدر کے اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا ہے جبکہ پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے بھی اس بارے میں تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد ممالک کے شہریوں کے روس کی جانب سے لڑائی میں حصہ لینے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔

    مئی 2024 میں شائع ہونے والی بی بی سی کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، روس ممکنہ طور پر اپنی فوج میں لڑنے کے لیے کیوبا کے شہریوں کو بھرتی کر رہا تھا۔

    اس سے قبل فروری 2024 میں انڈیا میں کچھ خاندانوں نے دعویٰ کیا تھا کہ متعدد نوجوانوں کو ایجنٹوں نے ’ہیلپر‘ کی نوکری کے ’دھوکے‘ سے یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ میں روسی افواج کے ہمراہ لڑنے کے لیے بھیج دیا ہے۔

    میبنہ طور پر 20 اور 32 سال کی عمر کے درمیان کے ان افراد کو روسی ملٹری میں ’سکیورٹی ہیلپر‘ کے طور پر نوکری دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن روس پہنچنے پر مبینہ طور پر انھیں جنگی ’تربیت‘ کے لیے میدان جنگ میں بھیجا گیا اور چند ایک کو محاذ پر بھی تعینات کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ روس نے مارچ 2024 میں ایک قانون منظور کیا ہے جس کے تحت اگر ریاست میں قید ملزمان جنگ میں جانے کی حامی بھرتے ہیں تو پھر اُن کے خلاف مقدمات پر کارروائی روک دی جائے گی اور ان کے مقدمات جنگ کے اختتام پر ختم کر دیے جائیں گے۔ اس قانون کا مقصد فوجیوں کی کمی پورا کرنا ہے۔

  14. انڈیا کو نشانہ بنانا غیر منصفانہ اور غیر معقول ہے، قومی مفاد میں ضروری اقدام لیں گے: ٹرمپ کے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی پر انڈیا کا احتجاج

    ٹرمپ مودی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا کا کہنا ہے کہ یوکرین تنازعے کے آغاز کے بعد روس سے تیل درآمد کرنے پر امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے انڈیا کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا کی جانب سے روسی تیل خریدنے کی وجہ سے اس کا ٹیرف مزید بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔

    ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ’انڈیا نہ صرف بڑے پیمانے پر روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ وہ خریدے گئے زیادہ تیل کے بدلے اسے بڑے منافع کے لیے اوپن مارکیٹ میں فروخت کر رہا ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کو اس سے کوئی سروکار نہیں کہ یوکرینی عوام روسی جنگی مشینوں کی وجہ سے مر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے میں ضرور امریکہ کے لیے انڈیا کے ٹیرف کو بڑھاؤں گا۔‘

    انڈیا نے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ ’امریکہ نے اس وقت عالمی توانائی منڈیوں کے استحکام کو مستحکم کرنے کے لیے انڈیا کی جانب سے اس طرح کی درآمدات کی حوصلہ افزائی کی تھی۔‘

    انڈیا کی محکمہ خارجہ کے بیان میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کی درآمدات کا مقصد انڈین صارفین کے لیے سستی توانائی کی لاگت کو یقینی بنانا ہے۔ یہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کی وجہ سے ایک ضرورت ہے۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انڈیا پر تنقید کرنے والے ممالک خود روس کے ساتھ تجارت کر رہے ہیں۔ ہمارے معاملے کے برعکس، ان کی یہ تجارت ایک اہم قومی مجبوری بھی نہیں ہے۔‘ ’یورپ روس تجارت میں نہ صرف توانائی، بلکہ کھاد، کان کنی کی مصنوعات، کیمیکل، لوہے اور سٹیل اور مشینری اور نقل و حمل کا سامان بھی شامل ہے۔ ‘

    انڈیا کی محکمہ خارجہ کے بیان میں امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’جہاں تک امریکہ کا تعلق ہے ، وہ اپنی جوہری صنعت کے لیے روس سے یورینیم ہیکسافلورائڈ ، اپنی ای وی صنعت کے لیے پلاڈیئم ، کھادوں کے ساتھ ساتھ کیمیکلز کی درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔‘

    بیان میں احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’اس پس منظر میں انڈیا کو نشانہ بنانا غیر منصفانہ اور غیر معقول ہے۔ کسی بھی بڑی معیشت کی طرح انڈیا بھی اپنے قومی مفادات اور اقتصادی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔‘

  15. پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر فوری طور پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے: سپرانٹنڈنٹ اڈیالہ جیل

    پاکستان کے ضلع راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ نے سٹی پولیس افسر، سی پی او کو لکھے گئے مراسلے میں منگل پانچ اگست کو پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظرجیل کے اطراف میں فوری بنیادوں پر اضافی نفری تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔

    بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق جڑواں شہروں میں پہلے سے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔

    خیال رہے کہ اسی جیل میں پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان دو برس سے قید ہیں۔

    ان کی قید کے دو سال مکمل ہونے پر ان کے خاندان اور حامیوں کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جیل سپریٹنڈنٹ نے پولیس کی اضافی نفری کو گیٹ نمبر 5 اور جیل کے گرد و نواح میں تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔

    سپریٹنڈنٹ نے مراسلے میں لکھا ہے کہ انھیں سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کی خبر ملی ہے۔

    جیل سپریٹنڈنٹ کے مطابق اس وقت اڈیالہ جیل میں 7700 قیدی موجود ہیں اور پی ٹی آئی کی جانب سے اس سے پہلے بھی دو سال کے دوران متعدد بار حکومت اور اداروں کے خلاف جیل کے باہر احتجاج کیا جاتا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتار کو دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں احتجاجی جلسوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

  16. تنازعات میں ملوث نہیں ہونا چاہتے: ٹرمپ کے بیانات پر روس کا ردعمل

    روس نے امریکی صدر کی جانب سے دو جوہری آبدوزوں کو روسی پانیوں کے قریب لے جانے کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو کسی تنازعے کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔

    خیال رہے کہ امریکی سفیر سٹیو وٹکوف بدھ کو روس کا دورہ کر رہے ہیں۔

    کریملین کے ترجمان درمتی پسکوف نے امریکی صدر کی جانب سے گذشتہ جمعے کو دے جانے والے بیان پر اپنے پہلے سرکاری ردعمل میں کسی اشتعال انگیزی کے امکان کو مسترد کیا اور کہا کہ امریکی آبدوزیں اپنی معمول کی ڈیوٹی پر تھیں۔

    اگرچہ انھوں نے یہ کہا کہ ’بہت پیچیدہ اور بہت سنجیدہ نوعیت کے معاملات پر بحث ہو رہی ہے جنھیں بہت لوگ جذباتی طور پر لے رہے ہیں تاہم انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہر کسی کو بہت جوہری بیان بازی پر بہت محتاط ہونا چاہیے۔‘

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے سابق روسی صدر دمتری میدویدیف کے ’اشتعال انگیز‘ بیانات کے جواب میں دو امریکی جوہری آبدوزوں کو ’مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنے‘ کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ اقدام اس لیے اٹھایا کیونکہ ’یہ احمقانہ بیانات صرف الفاظ سے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں۔ الفاظ بہت اہم ہوتے ہیں اور کبھی کبھی ان کے غیر ارادی نتائج بھی سامنے آتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ موقع نہیں آئے گا۔‘

    یوکرین میں جنگ بندی کے حوالے سے ٹرمپ کے بیانات اور روس پر نئی پابندیوں کے اعلانات کے ردعمل میں سابق روسی صدر دمتری میدویدیف حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر کئی مرتبہ تبصرے کر چکے ہیں۔

    ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر امریکی صدر نے لکھا کہ ’سابق روسی صدر اور کونسل آف رشیئن فیڈریشن کے موجودہ ڈپٹی چیئرمین دمتری میدویدیف کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات کی روشنی میں، میں نے دو جوہری آبدوزوں کو مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔‘

    حالیہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو 8 اگست تک جنگ کے خاتمے کے لیے ایک نئی ڈیڈ لائن دی، جس پر عمل درآمد کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔

    اس سے پہلے پیر کو ٹرمپ نے ’10 یا 12‘ دن کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔ جولائی کے شروع میں انھوں نے روس کو دھمکی دی تھی کہ اگر پوتن نے 50 دن میں جنگ ختم نہ کی تو اس کے تیل اور دیگر برآمدات پر سخت محصولات عائد کیے جائیں گے۔

    میدویدیف سنہ 2008 سے 2012 تک روس کے صدر رہے تھے۔ انھوں نے رواں ہفتے کے شروع میں ٹرمپ پر ’روس کے ساتھ الٹی میٹم گیم‘ کھیلنے کا الزام لگایا۔

  17. روسی تیل کی خریداری پر ٹرمپ نے انڈیا پر عائد ٹیرف مزید بڑھانے کی دھمکی دے دی

    TRUMP

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا کی جانب سے روسی تیل خریدنے کی وجہ سے اس کا ٹیرف مزید بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔

    ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ’انڈیا نہ صرف بڑے پیمانے پر روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ وہ خریدے گئے زیادہ تیل کے بدلے اسے بڑے منافع کے لیے اوپن مارکیٹ میں فروخت کر رہا ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کو اس سے کوئی سروکار نہیں کہ یوکرینی عوام روسی جنگی مشینوں کی وجہ سے مر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے میں ضرور امریکہ کے لیے انڈیا کے ٹیرف کو بڑھاؤں گا۔‘

    امریکی صدر کی جانب سے یہ سخت بیان گذشتہ بدھ کو انڈیا سے امریکہ برآمد کی جانے والی اشیا پر 25 فیصد محصول کے نفاذ کے اعلان کے اگلے ہی دن سامنے آیا ہے۔

    اس محصول کا نفاذ یکم اگست 2025 سے ہوا تھا اور اس کے ساتھ ہی ساتھ امریکی صدر نے روس سے ہتھیاروں اور تیل کی خریداری کی وجہ سے انڈیا پر اضافی درآمدی ڈیوٹی (جرمانہ) عائد کرنے کی بھی بات کی تھی۔ اس اضافی ڈیوٹی کی شرح کیا ہو گی یہ تاحال واضح نہیں کیا گیا ہے۔

    ماضی قریب میں ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مرتبہ انڈیا کو ’ٹیرف کنگ‘ قرار دے چکے ہیں اور الزام عائد کرتے ہیں کہ انڈیا امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو ’پامال‘ کرتا ہے۔

    خیال رہے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں غیر ملکی مصنوعات پر عائد کیے جانے والا ٹیکس دو اعشاریہ دو فیصد، چین میں تین فیصد، جاپان میں ایک اعشاریہ سات فیصد جبکہ انڈیا میں امریکی مصنوعات پر عائد کیے جانے والا ٹیکس 12 فیصد ہے۔

    انڈیا میں پہلے ہی غیر ملکی مصنوعات پر عائد ٹیکس کی شرح کافی بلند ہے اور اس میں مزید اضافہ ملک کی معیشت کے لیے سنگین نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

  18. وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا کی زیرِ صدارت علاقائی جرگہ، آپریشن اور نقل مکانی قابلِ قبول نہیں

    وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی میزبانی میں امن و امان سے متعلق علاقائی جرگوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ آپریشن اور نقل مکانی قابلِ قبول نہیں ہے۔

    پیر کو وزیرِ اعلٰی ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں ضلع باجوڑ اور مہمند کے عمائدین اور منتخب عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔

    وزیرِ اعلیٰ کے مشیر بیرسٹر محمد علی سیف، سینیٹر نور الحق قادری، چیف سیکریٹری اور آئی جی پی کے علاؤہ متعلقہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس حکام بھی جرگے میں شریک تھے۔

    وزیرِ اعلٰی ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق جرگوں کی جانب سے پانچ سفارشات رکھی گئی ہیں۔ ان سفارشات میں کہا گیا ہے حکومت ہمیں امن دے تو ہم ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف سب متحد ہیں اور دہشتگرد سب کے دشمن ہیں۔ سفارشات میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن اور نقل مقانی قابلِ قبول نہیں ہے۔

    دہشتگردی کے مستقل خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں عمائدین سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دے جو افغان حکومت اور عوام سے بامقصد مذاکرات کرے۔

    جرگے میں سفارش کی گئی ہے کہ مقامی جرگوں کی کارروائی ایک مثبت علامت ہے۔ اسے مزید با مقصد بنایا جائے تاکہ اِس کا اچھا نتیجہ دوسرے علاقوں کے لیے بھی مفید ثابت ہو۔

  19. اسرائیلی انٹیلیجنس کے سابق سربراہوں کا صدر ٹرمپ کو خط

    غزہ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اسرائیل کے سابق انٹیلیجنس سربراہوں سمیت 600 سے زائد ریٹائرڈ اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے ان کی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

    دوسری جانب غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے ’قحط اور غذائی قلت‘ کی وجہ سے مزید پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔

    غزہ میں بھوک سے مرنے والوں کی تعداد 180 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 93 بچے بھی شامل ہیں۔

    بی بی سی عربی کے مطابق اسرائیلی خفیہ اداروں کے سابق عہدیداروں نے پیر کو میڈیا کو جاری کیے گئے ایک کھلے خط میں لکھا کہ ’ہمارے پیشہ ورانہ فیصلے میں، حماس اب اسرائیل کے لیے سٹریٹجک خطرہ نہیں ہے۔‘

    اس خط میں ٹرمپ سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو کو فیصلوں میں ’رہنمائی‘ دینے کا مطالبہ کیا گیا اور غزہ جنگ کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نتن یاہو نے اتوار کو انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) سے غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کو خوراک اور طبّی علاج فراہم کرنے میں مدد کی درخواست کی تھی۔

    تاہم دوسری جانب حماس نے جواب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عزہ کے متاثرین کو امداد پہنچانے کے لیے راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    ادھر قوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینن نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ میں یرغمالیوں کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک ہنگامی اجلاس منگل کو منعقد کرے گی۔