مشرق وسطیٰ میں جنگ اور تیل کی بڑھتی قیمتیں: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 4687 پوائنٹس تک کی کمی, تنویر ملک ، صحافی
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 4697 پوائنٹس تک کی کمی کے بعد 149187 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔
سٹاک ایکسچینج میں حصص کا کاروبار نہ صرف فروخت کے دباؤ کا شکار رہا بلکہ اس کا حجم بھی کم رہا۔
مارکیٹ میں جاری مندی کے رجحان کے متعلق ایک تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران سے جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سٹاک ایکسچینج پر بڑا منفی اثر پڑا ہے۔
تجزیہ کار جبران سرفراز کہتے ہیں کہ اب تیل کی تنصیبات بھی مشرق وسطیٰ میں ہونے والی جنگ کی زد میں آرہی ہیں جو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا منفی اثر پاکستان جیسے تیل کی درآمد پر انحصار کرنے والے ملکوں پر پڑ رہا ہے اور یہ اثر سٹاک ایکسچینج میں کاروبار پر بھی ہوا ہے۔
تجزیہ کار شہر یار بٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگ اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر مذاکرات کا بے نتیجہ رہنا بھی سٹاک ایکسچینج کے لیے بھی منفی رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ اگلے ماہ پاکستان نے غیر ملکی قرضوں کی دو بڑی ادائیگیاں کرنی ہیں جس کی وجہ سے روپیہ دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے اور یہ مارکیٹ کے لیے منفی ثابت ہو رہا ہے۔