یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم یہ صفحہ اب مذید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں ایک خفیہ اطلاع پر آپریشن کرکے چار شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم یہ صفحہ اب مذید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اتوار کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولودیمیر زیلینسکی نے مار-اے-لاگو میں امن معاہدے پر باضابطہ بات چیت سے قبل ایک دوسرے کا خیرمقدم کیا اور صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے۔
ٹرمپ نے کہا کہ روس و یوکرین دونوں دیرپا امن قائم کرنے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں جبکہ صدر زیلینسکی نے کہا کہ آج کی ملاقات کا مقصد 20 نکاتی منصوبے کو آگے بڑھانے کی حکمتِ عملی پر بات چیت کرنا ہے۔
اس کے بعد دونوں رہنما مار-اے-لاگو کے اندر ملاقات کے لیے چلے گئے۔ ملاقات کے بعد ان کی یورپی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت بھی متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے صدر پوتن کو فون کریں گے۔ صحافیوں کو اس کے بعد باہر جانے کے لیے کہہ دیا گیا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اہم ملاقات کے بعد ٹرمپ یا زیلنسکی سے دوبارہ صحافیوں سے بات کریں گے یا نہیں۔

،تصویر کا ذریعہUS Pool
یوکرینی صدر ولادیمر زیلینسکی اور صدر ٹرمپ کے درمیان امن کے حوالے سے ملاقات جاری ہے جس میں یوکرینی صدر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مذاکرات ’جلد از جلد‘ امن لے آئیں گے۔
اس موقع پر خطاب میں زیلینسکی نے صدر ٹرمپ کا میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے فلوریڈا کیوں آئے ہیں تو زیلینسکی نے بتایا کہ ان کی ٹیموں نے ایک 20 نکاتی منصوبے پر کام کیا ہے اور آج کی ملاقات اس منصوبے کو آگے بڑھانے کی حکمتِ عملی پر بات چیت کے لیے ہے۔
صحافیوں کی جانب سے ان سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ علاقائی رعایتیں دی جائیں گی، تو انھوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا اور کہا کہ یہ معاملہ آج زیرِ بحث آئے گا۔
یوکرین اور روس کی عوام اور دونوں رہنما جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں: صدر ٹرمپ
دوسری جانب ایک صحافی نے صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا روس کے کیئو پر حالیہ حملے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پوتن امن کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں؟ جس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’نہیں وہ بہت سنجیدہ ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ یوکرین نے بھی بہت شدید حملے کیے ہیں اور میں یہ منفی انداز میں نہیں کہہ رہا۔ آپ کو شاید ایسا کرنا ہی پڑتا ہے۔‘
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’یوکرین کے عوام اور روس کے عوام دونوں چاہتے ہیں کہ یہ جنگ ختم ہو اور دونوں رہنما بھی (جنگ کا) خاتمہ چاہتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
یوکرین کے صدر ولادیمر زیلینسکی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے مار-اے-لاگو پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی ملاقات صدر ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام سے ہو گی۔
ملاقات میں امریکی اور یوکرینی نمائندوں کے درمیان طے پانے والے 20 نکاتی امن منصوبے پر بات چیت ہوگی۔
مار-اے-لاگو کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ہے ’میرے خیال میں صدر پوتن یوکرین کے ساتھ امن قائم کرنے کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔‘
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات صدر کی نجی رہائش گاہ کے مرکزی ڈائننگ ہال میں ہو رہی ہے جس میں میڈیا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر کہا ہے کہ انھوں نےصدر زیلنسکی سے اہم ملاقات سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ’انتہائی نتیجہ خیز‘بات چیت کی ہے۔
ٹرمپ نے لکھا کہ ’میں نے روس کے صدر پوتن کے ساتھ ایک اچھی اور انتہائی نتیجہ خیز ٹیلی فون کال کی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ زیلینسکی کے ساتھ ملاقات مار-اے-لاگو کے مرکزی ڈائننگ ہال میں ہوگی اور اس دوران صحافیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
دوسری جانب کریملن نے بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ٹیلیفونک گفتگو کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل ایک علیحدہ پوسٹ میں ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کے کردار کو عالمی امن قائم کرنے والا قرار دیا اور کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا حوالہ دیا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اقوامِ متحدہیوکرین سمیت تنازعات،کو حل کرنے میں انتہائی کم مددگار"ثابت ہوا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ’شاید امریکہ ہی اصل اقوامِ متحدہ بن گیا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہStefano Guidi/Getty Images
اٹلی کی پولیس نے نو افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر الزام ہے کہ انھوں نے دو سال سے زائد عرصے کے دوران عسکریت پسند تنظیم حماس کے لیے تقریباً سات ملین یورو جمع کیے۔
پولیس کے مطابق یہ رقم بظاہر فلسطینی شہریوں کے لیے انسانی امداد کے طور پر اکٹھا کی گئی تھی، لیکن درحقیقت اسے ایک پیچیدہ فنڈ ریزنگ نیٹ ورک کے ذریعے عسکریت پسند گروہ تک منتقل کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے گرفتار کیے جانے والے مشتبہ افراد کے آٹھ ملین یورو مالیت کے اثاثے بھی ضبط کر لیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے۔
یہ کارروائی اٹلی کی انسدادِ دہشت گردی پولیس اور مالیاتی پولیس کے مشترکہ آپریشن کے تحت عمل میں آئی۔ تفتیش کا آغاز سات اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے حملے کے بعد ہوا تھا۔
پولیس نے مشکوک مالیاتی لین دین کی متعدد رپورٹس کا تجزیہ کیا، جس سے جینوا میں قائم ایک منظم فنڈ ریزنگ نظام کا انکشاف ہوا۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ غزہ کی شہری آبادی کے لیے جمع کیے گئے عطیات میں سے 71 فیصد سے زیادہ براہِ راست حماس کے عسکری ونگ کو منتقل کیے گئے تاکہ خودکش حملہ آوروں اور دہشت گردی کے الزام میں گرفتار افراد کے خاندانوں کی مالی مدد کی جا سکے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران میں 2025 کے دوران سزائے موت پانے والے افراد کی تعداد میں 2024 کے مقابلے میں تقریبا دو گنا اضافہ سامنے آیا ہے۔
ناروے میں قائم تنظیم ایران ہیومن رائٹس(آئی ایچ آر) نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دسمبر کے شروع تک رواں سال کم ازکم 1500 افراد کو سزائیں موت دی جا چکی ہے جبکہ اب تک اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اس تنظیم نے 975 افراد کو سزائے موت کی تصدیق کی تھی اس حوالے سے درست تعداد اس لیے کبھی واضح نہیں ہوپاتی کیونکہ ایرانی حکام سزائے موت کے سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کرتے۔
حالیہ یہ اعداد و شمار دیگر مانیٹرنگ گروپس کی رپورٹوں سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔
ایرانی حکومت اس سے قبل بھی سزائے موت کے استعمال کے دفاع میں یہ دعویٰ کرتی ہے کہ یہ سزا صرف ’انتہائی سنگین جرائم‘ تک محدود ہے۔
یاد رہے کہ ایران میں سزائے موت پانے والوں کے اعداد و شمار 2022 سے بڑھنا شروع ہوئے جب مہسا امینی کی زیر حراست موت کے بعد ملک بھر میں بڑے مظاہرے شروع ہوئے۔
اُس سال 22 سالہ کرد خاتون کو تہران میں اخلاقی پولیس نے مبینہ طور پر ’غلط طریقے سے حجاب پہننے‘ پر گرفتار کیا تھا۔ یہ احتجاجی تحریک ایران کی مذہبی قیادت کے جواز کے لیے کئی سالوں میں سب سے بڑا چیلنج ثابت ہوئی۔
اس کے بعد حکام نے سزائے موت کی رفتار بڑھا دی جو 2022 میں تقریباً 520 تھی اور اگلے سال بڑھ کر 832 ہو گئی۔ کچھ سزائیں مظاہرین یا مبینہ جاسوسوں کو دی گئیں، لیکن 99 فیصد سزائیں قتل یا منشیات کے جرائم پر دی گئیں۔
سماجی کارکنوں کے مطابق ایران میں سزائے موت کی شرح اس وقت بڑھتی ہے جب حکومت کو خطرہ محسوس ہوتا ہے اور اس کا مقصد عوام میں خوف پیدا کر کے اندرونی مخالفت کو روکنا ہوتا ہے۔
یہ بات اس حقیقت سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ جون میں اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ اور خطے میں ایران کے پراکسی گروپس کو بڑے نقصان کے بعد ایک اور بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں ایک خفیہ اطلاع پر آپریشن کرکے چار شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’خفیہ اطلاعات پر مبنی اس آپریشن میں ’انڈین پراکسی‘ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اورچار انڈین حمایت یافتہ شدت پسند ہلاک کر دیے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’ یہ شدت پسند علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے اور ان سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔‘
بیان کے مطابق ’علاقے میں مزید انڈین سرپرست دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔‘
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری رکھیں گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔‘

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ جو بھی ہو گا وہ برابری کی سطح پر ہوگا۔ اگر وہ ہینڈ شیک نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں بھی کوئی شوق نہیں۔
وزیر داخلہ اور چیئرمین بی سی بی محشن نقوی نے یہ بات لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ انڈین انڈر 19 ٹیم کے رویے پر آئی سی سی سے بات ہوگی۔ اس حوالے سے آئی سی سی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 21 دسمبر کو دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھی ٹاس کے دوران دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا اور میچ کے اختتام پر بھی دونوں ٹیموں کے درمیان ہینڈ شیک نہیں ہوا۔
یہی نہیں بلکہ جب انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے میچ میں انڈیا کی شکست سے متعلق ٹویٹ کی تو اُس میں صرف یہ لکھا گیا کہ ’انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا کو 191 رنز سے شکست۔‘
’پی ایس ایل ٹیموں کی بڈنگ آٹھ جنوری کو ہو گی‘
اتوار کے روز پریس کانفرنس میں پی ایس ایل کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کو پی ایس ایل کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر مقررکیا ہے۔
ان کے مطابق ’ہم چاہتے ہیں کہ 26 مارچ کے بجائے پی ایس ایل 23 مارچ سے شروع ہو تاہم اس کے لیے تمام فرنچائز سے مشاورت کر کے فیصلہ کریں گے۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ’پی ایس ایل ختم ہونےکے بعد ملتان سلطان کی نیلامی کریں گے، ملتان سلطانز کو اس سال پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے لیے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کیا ہے، پی ایس ایل ٹیموں کی بڈنگ آٹھ جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔‘
عرب لیگ میں صومالیہ کے مستقل نمائندے، سفیر علی عبدی آواری نے اسرائیل کی جانب سے ’صومالی لینڈ‘ کے علاقے کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کو ایک ’جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدام‘ قرار دے کر اسے مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’یہ اقدام بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں، اور افریقی یونین کے چارٹروں کی صریح اور بے مثال خلاف ورزی‘ ہے۔
قاہرہ میں لیگ کے صدر دفتر میں اتوار کو منعقدہ لیگ کونسل کے مستقل مندوبین کی سطح پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں، عبدی نے اسرائیل کی جانب سے اس علاقے کو تسلیم کرنے کے اعلان سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے زور دیا کہ یہ قدم ’عالمی برادری کی مرضی کے لیے ایک کھلا چیلنج اور بین الاقوامی نظام کی بے توقیری کی نمائندگی کرتا ہے۔‘
صومالی مندوب نے اسرائیلی اقدام کو باطل اور بےاثر قرار دیا اور کہا کہ یہ قائم شدہ حقیقت کو تبدیل نہیں کرے گا کہ صومالی لینڈ کہلانے والا شمال مغربی خطہ وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے علاقے کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے تازہ ترین اقدام کا مقصد ’صومالیہ میں ایک علیحدگی پسند ادارے کی حمایت کرنا‘ ہے، جس کو حاصل کرنے کا مقصد ’فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے جبری بے گھر کرنا‘ ہے۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریہ صومالیہ ’فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کا فریق نہیں ہوگا۔‘
انھوں نے نشاندہی کی کہ صومالیہ اس قدم کو ’کسی دوسرے عرب ملک پر صرف ایک اور اسرائیلی حملے کے طور پر نہیں دیکھتا ہے، بلکہ اسے براہ راست حملہ اور مجموعی طور پر عرب قومی سلامتی اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی سلامتی کے لیے توہین تصور کرتا ہے۔‘
صومالیہ نے عرب ریاستوں پر زور دیا کہ وہ عرب ممالک کے خلاف ’بار بار اسرائیلی حملوں‘ کے خلاف سختی سے کھڑے ہوں، اور ’ان کی تکرار اور تسلسل کو روکنے کے لیے سنجیدہ پالیسیاں تیار کرنے‘" پر کام کریں۔
عرب لیگ نے اعلان کیا کہ وہ ’صومالیہ کی ریاست کی درخواست اور عرب رکن ممالک کی حمایت سے‘ اسرائیلی اعلان سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی۔
اجلاس سے پہلے جاری کردہ ایک بیان میں، لیگ نے کہا کہ وہ ’عرب لیگ کے کسی بھی یکطرفہ اقدامات یا فیصلوں کو واضح طور پر مسترد کرنے کی توثیق کرتی ہے جس سے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہوتی ہے، اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے ساتھ وابستگی پر زور دیتی ہے اور عرب لیگ کی متعلقہ قراردادوں پر زور دیتا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان موٹروے اور ہائی وے پولیس کا کہنا ہے کہ ’دھند کے باعث بند کی گئی تمام موٹرویز حدِ نگاہ بہتر ہونے پر ٹریفک کے لیے کھول دی گئیں ہیں۔‘
اس سے قبل دھند کی وجہ سے موٹر وے کو متعدد مقامات سے ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ وسطی پنجاب میں دھند کی وجہ سے کئی اضلاع اور شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہDMP
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی میٹروپولیٹن پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انقلاب مانچا کے ترجمان شریف عثمانہادیکے قتل کے دو مرکزی ملزم ضلع میمن سنگھ سے حلواغاٹ بارڈر کے راستے انڈیا فرار ہوئے۔
ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے ایڈیشنل کمشنر ایس این محمد نذر الاسلام نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ملزم فیصل کریم مسعود اور عالمگیر شیخ نے انڈیا فرار ہونے کے بعد ریاست میگھالیہ میں پناہ لی۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انھیں مرکزی ملزمان کے ٹھکانے کا علم نہیں ہے۔
پولیس نے آج پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’عثمان ہادی کا قتل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ اس سلسلے میں کل 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنھوں نے شوٹر کو انڈیا فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔‘
ایڈیشنل کمشنر نذر الاسلام نے کہا کہ ’جائے وقوعہ پر موجود افراد کی فراہم کردہ معلومات، سی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس نے شوٹر فیصل کریم مسعود اور ان کے معاون موٹرسائیکل سوار عالمگیر شیخ کو واقعے کے دن ہی شناخت کر لیا تھا۔‘
پولیس نے دو غیر ملکی پستول، میگزین، 52 گولیاں اور ایک شاٹ گن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو واقعے میں استعمال ہوئیں۔ اس کے علاوہ ایک موٹرسائیکل، جعلی نمبر پلیٹس اور گولیوں کے خول بھی برآمد ہوئے۔
اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ تقریباً 53 بینک اکاؤنٹس کے دستخط شدہ چیکس برآمد ہوئے ہیں جن کی مالیت 218 کروڑ ٹکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہOsman Hadi/facebook
یاد رہے کہ شریف ہادی عثمان کو ڈھاکہ میں اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ ایک مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ چہرہ ڈھانپے ہوئے نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر گولی چلائی تھی جس کے بعد انھیں علاج کے لیے سنگاپور لے جایا گیا تاہم جمعرات کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شریف عثمان ہلاک ہو گئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وسطی ضلع حافظ آباد میں کوٹ سرور روڈ پر لکھیا سٹاپ کے قریب دھند کے باعث موٹر سائیکل اور ڈمپر میں تصادم ہوا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سلپ ہو کر پیچھے سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد منتقل کر دی گئی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحد پر تین ہفتوں سے جاری خونریز جھڑپوں کے بعد جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جن میں تقریباً دس لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو گئے تھے۔
دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا کہ سحر پر مزید فوجیوں کی تعیناتی پر پابندی ہوگی اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو جلد از جلد واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔
جنگ بندی سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق سپہر پانچ بجے نافذ ہوئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ جنگ بندی 72 گھنٹے تک قائم رہی تو جولائی سے تھائی لینڈ کی تحویل میں موجود 18 کمبوڈیائی فوجیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔
یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان کئی روزہ مذاکرات کے بعد سامنے آئی، جس میں چین اور امریکہ نے ثالثی کا کرداد ادا کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں بے گھر افراد کو ان کے گھروں میں واپس لانے کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ بارودی سرنگیں ہٹانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ کے وزیرِ دفاع نتھاپھون نارکفانِت نے جنگ بندی کو ’دوسری جانب کی سنجیدگی کا امتحان‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’اگر جنگ بندی قائم نہ رہ سکی یا اس کی خلاف ورزی ہوئی تو تھائی لینڈ کو بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کا جائز حق حاصل ہے۔‘
تاہم اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ٹرک نے امید ظاہر کی کہ ’یہ جنگ بندی امن کی راہ ہموار کرے گی،‘ جبکہ یورپی یونین کے ترجمان نے اس کے نفاذ میں ’نیک نیتی‘ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میانمار میں اتوار کو سخت پابندیوں کے دوران ووٹنگ شروع ہوئی، لیکن پولنگ مراکز تک پہنچنے والے ووٹرز کی تعداد نہایت کم رہی۔
میانمار میں انتخابات کا آغاز تو ہو گیا ہے تاہم بڑی سیاسی جماعتیں تحلیل کر دی گئی ہیں، ان کے کئی رہنما جیل میں ہیں اور جاری خانہ جنگی کے باعث ملک کے تقریباً نصف حصے میں ووٹنگ نہ ہونے کی توقع ہے۔
فوجی حکومت تقریباً پانچ سال بعد جب اس نے بغاوت کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کیا تھا مرحلہ وار ووٹنگ کرا رہی ہے۔ اس بغاوت نے وسیع پیمانے پر مخالفت کو جنم دیا اور خانہ جنگی میں شدت پیدا کی۔
ایک نئے قانون کے تحت انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے یا مخالفت کرنے پر 200 سے زائد افراد پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں جن میں سخت سزائیں شامل ہیں حتیٰ کہ سزائے موت بھی۔
انسانی حقوق کے کارکنوں، مغربی ممالک کے سفارتکاروں اور اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس انتخاب پر سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ انتخابی عمل فوجی حامیوں کے حق میں تیار کیا گیا ہے اور اختلافِ رائے پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فوجی حمایت یافتہ یونین سولیڈیرٹی اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آنے کی توقع ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ فوجی حکومت کو نئے نام کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش ہے۔
تقریباً پانچ کروڑ آبادی والا جنوب مشرقی ایشیا کا یہ ملک طویل عرصے سے خانہ جنگی کا شکار ہے جہاں باغیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں ووٹنگ نہیں ہو رہی۔
فوجی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں تین مراحل میں ہونے والی ووٹنگ کا پہلا دور مقامی وقت کے مطابق آج صبح چھ بجے شروع ہوا۔ میانمار میں عام انتخابات کے لیے دوسرا مرحلہ 11 جنوری کو اور تیسرا مرحلہ 25 جنوری کو ہوگا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج کے اعلان کی تاریخ ابھی نہیں بتائی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں شدید دھند اور حدِ نگاہ کے کم ہو جانے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
پاکستان موٹروے اور ہائی وے پولیس کی جانب سے اب سے کُچھ دیر قبل ایکس پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند کی وجہ سے حدِنگاہ بہت کم ہے جس کی وجہ سے حادثات سے بچنے کے لیے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کے مطابق لاہور سے اسلام آباد موٹروے ایم ٹو کو ٹھوکر نیازبیگ سے للہ تک بند کیا گیا ہے۔ ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک بند ہے جبکہ ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔
تاہم موٹروے ایم فور شیر شاہ تا عبدالحکیم جبکہ موٹروے ایم فائیو ملتان تا سکھر کو حدِ نگاہ بہتر ہونے پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان کی جانب سے عوام سے کہا گیا ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گُریز کریں اور احتیاطی تدبیر اختیار کریں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغانستان اور تاجکستان کی سرحد پر حالیہ واقعات کے حوالے سے ’تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘
گزشتہ ایک ماہ کے دوران افغانستان اور تاجکستان کی سرحد پر کم از کم تین سکیورٹی واقعات پیش آئے جن میں چینی کارکن اور تاجک فوجی ہلاک ہوئے۔
تازہ ترین واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا جب تاجکستان کی بارڈر سکیورٹی فورس کے دو اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی جس کے بعد تاجکستان کی بارڈر سکیورٹی فورسز نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ’تاجک عوام سے معافی مانگے‘ اور سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے۔
امیر خان متقی نے کابل میں سابق سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کی 46 سال مکمل ہونے پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں خطاب کے دوران الزام لگایا کہ ’کچھ حلقے افغانستان اور تاجکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں‘، تاہم انھوں نے کسی ملک یا گروہ کا نام نہیں لیا۔
انھوں نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
کابل میں خطاب کے دوران امیر خان متقی نے کہا کہ ’ہم کسی کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتے، لیکن کسی کا نقصان بھی برداشت نہیں کر سکتے۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے رات بھر دارالحکومت کئیو پر جاری رہنے والا شدید میزائل اور ڈرون حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ماسکو امن نہیں چاہتا۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے تقریباً 500 ڈرون اور 40 میزائل کئیو کی جانب داغے، جن کا ہدف توانائی اور شہری علاقے تھا۔
یوکرین کے صدر سنیچر کے روز فلوریڈا روانہ ہوئے، جہاں وہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں امریکی اور یوکرینی نمائندوں کے درمیان طے پانے والے 20 نکاتی امن منصوبے پر بات چیت ہوگی۔
یوکرین میں مقامی حکام کے مطابق دس گھنٹے تک جاری رہنے والے روسی حملے میں دو افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوئے۔ میزائل اور ڈرون حملوں نے توانائی کے شعبے کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں کئیو اور قریبی اضلاع کی 40 فیصد رہائشی عمارتوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
یوکرین کے ترقیاتی وزیر اولیکسی کولیبا نے تصدیق کی کہ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب روس کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے گئے جنھیں اس کے بقول ’یوکرینی مسلح افواج اور فوجی صنعتی اداروں کے مفاد میں استعمال کیا جا رہا تھا۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین سے چار گھنٹوں کے دوران وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں موسم کی صورت حال سے متعلق کہا گیا ہے کہ وسطی پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ اور جھنگ میں حدِ نگاہ 20 میٹر جبکہ نارووال میں 10 میٹر ہے۔
تاہم گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، قصور، اوکاڑہ ساہیوال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، رحیم یار خان، ملتان، بھکر اور گردونواح میں درمیانی سے شدید درجے کی دھند کے چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق دھند کے باعث موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس دوران عوام غیر ضروری سفر سے گُریز کریں اور احتیاطی تدبیر اختیار کریں۔
محکمے کے مطابق آج یعنی بروز اتوار ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان۔ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں دھند جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود اور بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان۔ تاہم شام یا رات میں کوہستان، بٹگرام، چترال اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنےکا امکان۔ تاہم مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
اسی طرح صوبہ سندھ، بلوچستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے بیشتر اضلاع اور علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چار مبینہ شدت پسند مارے گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں یہ لوگ مارے گئے۔
مکران میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہے۔
اہلکار کے مطابق مارے جانے والے افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔
اگرچہ سرکاری حکام کے مطابق یہ افراد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے لیکن تاحال آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی سے یہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن مرحلے پر قوم فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
پنجگور میں اس سے قبل اکتوبر کے آخری ہفتے میں بھی حکام نے سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں کالعدم مذہبی تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔