BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 22 May, 2006, 15:36 GMT 20:36 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ڈا ونچی کوڈ: ’میں ہوں یا نہیں‘
ڈا ونچی کوڈ کے سیٹ پر
مصنف ڈین براؤن کی کتاب ’دی ڈا ونچی کوڈ‘ پر مبنی فلم انیس مئی کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کا کچھ حصہ برطانیہ کے لنکن شائیر کے علاقے میں فلمایا گیا۔ لنکن میں رہنے والے ایک سرکاری ملازم وین بیری مین نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ کس طرح اس فلم کا حصہ بنے اور اس تجربے سے انہوں نے کیا حاصل کیا۔

’میں نے مقامی ریڈیو پر سنا کہ فلم میں چھوٹے موٹے رول بھرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ کتاب کو ملنے والی پبلِسِٹی کے باوجود لوگ سامنے نہیں آ رہے، یہ سن کر مجھے حیرت ہوئی۔ میں نے اور میرے ایک دوست نے فیصلہ کیا کہ ہم اس میں حصہ لیں گے۔

میرا رول بہت ہی چھوٹا تھا۔ میں اس سین میں تھا جہاں دونوں مرکزی کردار، ٹام ہینکس اور آڈری ٹاٹوو، کتھیڈرل میں داخل ہوتے ہیں۔ سین میں موجود دو سو افراد میں میں بھی ہوں۔

ہم نے تین دن فلم کے مرکزی اداکاروں کے ساتھ گزارے مگر ٹام ہینکس سے ملنے کا موقع نہیں ملا۔ ماحول کافی سنجیدہ تھا۔ ظاہر ہے ڈائریکٹر نے ہم سے بات کی اور وہ ہمارے ساتھ بہت اچھی طرح سے پیش آئے۔

سب سے زیادہ مزہ سر ای ین میک کیلن کے ساتھ آیا۔ انہوں نے ہمارے ساتھ کافی وقت گزارا۔

میں عیسائی ہوں۔ ویسے زیادہ مذہبی نہیں لیکن میرے عقائد اور اخلاقی اقدار بہرحال عیسائی ہیں۔ اس وجہ سے میں نے اس فلم میں حصہ لینے سے پہلے کافی غور کیا۔ مجھے ڈین براؤن کی کتاب بہت پسند آئی تھی۔ ویسے تو وہ کچھ حقائق پر مبنی ہے مگر اس کا مرکزی آئیڈیا خیالی ہے۔

میں نہیں سمجھتا کہ اس کتاب یا فلم سے عیسائیت کی توہین ہوتی ہے۔

میرے لیے اس تجربے کا سب سے اچھا پہلو یہ تھا کہ میں نے قریب سے اس فلم کو بنتے دیکھا۔ جب ہم فلم دیکھتے ہیں تو ہمیں اندازہ نہیں ہوتا کہ اسے بنانا کتنا مشکل ہے۔

میں نے ریڈیو پر فلم کے بارے میں کچھ تنقید سنی، اور سچ پوچھا جائے تو مجھے اندازہ تھا کہ ایسا ہی ہوگا۔ پھر بھی میں فلم دیکھنے کے لیے بےتاب ہوں، یہ جاننے کے لیے کہ میں اس میں ہوں یا نہیں۔‘

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد