جیسیکا قتل کیس: ہائی کورٹ میں اپیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دلی پولیس نے جیسیکا لال کے قتل کے معاملے میں دلی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ گزشتہ مہینے ایک ذیلی عدالت نے اس معاملے کے اہم ملزم منو شرما سمیت سبھی آٹھ ملزموں کو بری کر دیا تھا۔ دلی پولیس کے اعلی اہلکار کے کے پال نے کہا کہ ’رہا کئے گئے سبھی نو افراد کے خلاف ہائی کورٹ ميں اپیل دائر کی گئی ہے‘۔ ذیلی عدالت نے اس معاملے ميں ناکافی ثبوت حاصل ہونے کی بنیاد پر اپنا فیصلہ سنایا تھا۔ اس معاملے میں منو شرما کے علاوہ رکن پارلیمان ڈی پی یادو کے بیٹے ویکاس یادو، ہندوستان کے سابق صدر شنکر دیال شرما کے رشتے دار شیام سندر شرما، کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگ راج سنگھ ، سافٹ ڈرنک کمپنی کے مالک امر دیپ سنگھ اور آلوک گھننا سمیت حروندر چوپڑا ، ویکاس گل اور راج چوپڑا کو ذیلی عدالت نے رہا کیا ہے۔ ہریانہ کے وزیر ونود شرما کے بیٹے منو شرما اس معاملے میں اہم ملزم تھے۔ منو شرما پر الزام تھا کہ اپریل 1999 میں دلی کے جنوبی علاقے میں جاری ایک پرائیوٹ پارٹی میں انہوں نے ماڈل جیسیکا لال کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ جیسیکا لال اس وقت مشہور فیشن ڈیزائنر بینا رمانی اور انکی بیٹی مالینی رمانی کی پرائیوٹ پارٹی میں لوگوں کو شراب پیش کر رہیں تھیں۔
پولیس کے مطابق منو شرما نے دیر رات ماڈل جیسیکا لال سے شراب مانگی لیکن اس وقت کافی رات ہو چکی تھی اور شراب پیش کرنے کا وقت ختم ہو چکا تھا۔ جب جیسیکا نے منو شرما اور اس کے دوستوں کو شراب پیش کرنے سے انکار کیا تو منو شرما نے جیسیکا لال کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ مقدمہ سات برس تک جاری رہا۔ لیکن اس دوارن اس معاملے کے تین چشم دید گواہ اپنے بیان سے منحرف ہوگئے۔ ان چشم دید گواہوں میں فلم ’جھنکار بیٹس‘ کے ہیرو شیام منشی، کرن ن راجپوت اور شو داس شامل تھے۔ اس معاملے کی تفتیش کرنے والے پولیس اہلکاروں پر بھی یہ الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے با اثر ملزموں کو رہا کرنے کے لیئے جان بوجھ کر شواہد کو ضائع کر دیا تھا۔ پولیس نے جس طرح تفتیش کی تھی وہ اتنی ناقص تھی کہ خود عدالت کے جج نے ملزموں کو بری کرتے وقت تفتیش کاروں کو سرزنش کی تھی۔ پولیس کی تفتیش کے خلاف عوام میں بڑے پیمانے پر غصہ پایہ جاتا ہے اور ذرائع ابلاغ میں ملک کے انصاف کے نظام پر بحث چھڑ گئی ہے۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||