جسونت شکتی پوجا کے لئے روانہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ریاض سہیل بی بی سی اردوڈاٹ کام کراچی بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور راجیہ سبھا میں حزب مخالف کے رہنما جسونت سنگھ کی قیادت میں وفد مقدس مقامات کی یاترا کے لیے ہنگلاج روانہ ہوگیا ہے۔ سابق بھارتی وزیر خارجہ جسونت سنگھ کی قیادت میں بھارتی وفد پیر کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب بذریعہ سڑک زیرو پوائنٹ پہنچا تھا۔ جہاں سے جیپوں کے ذریعے میرپورخاص اور حیدرآباد کا سفر طے کرنے کے بعد گزشتہ شب اس کی کراچی آمد ہوئی ۔ وفد اسی افراد پر مشتمل ہے۔ جس میں جسونت سنگھ کے بیٹے منھوندر سنگھ، ممبر اسمبلی قائم مہر،خلیفہ فقیر حسین مہر،شیر محمد ساند، مولوی تاج محمد آریسر بھی شامل ہیں ۔ ہنگلاج شیوا منڈلی کے رہنما ویرسی مل نے بی بی سی کو روانگی سے قبل بتایا کہ کراچی سے چالیس کلومیٹر دور بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام یوسف قافلے کا استقبال کرینگے اور ان کے ساتھ مقدس مقامات پر جائینگے۔ یاترا کے بارے میں ویرسی مل نے بتایا کہ پاکستان بننے کے بعد بھارت کے کسی سرکاری وفد کی ان مقدس مقامات کی یہ پہلی یاترا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگلاج میں گنیش پوجا، کالی ماتا کا آستھان، چندر گپ، اگھومتی، ھنومان، چوراسی یاترا اور ہنگلاج دیوی کا درشن ہے۔ لاہوت اور ہنگلاج کتاب کے مصنف بدر ابڑو نے بی بی سی کو بتایا کہ ہنگلاج ہنگول ندی پر واقع ہے۔ جس پر لسبیلہ اور مکران کی حدود ملتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا میں شکتی کے باون آستھانوں میں سے ایک ہنگلاج بھی ہے۔ اس مقام پر کالی ماتا اور درگا کے مندر ہیں۔ اور شکتی پوجا کی جاتی ہے۔ بدر ابڑو کے مطابق اس مقام کی سندھ کے صوفی شاعر شاہ عبدالطیف نے بھی یاترا کی تھی۔ اس مقام پر ہر سال میلہ لگتا ہے، جس میں ہر کمیونٹی کے لوگ شرکت کرتے ہیں۔ جسونت سنگھ دو جنوری کو قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دینگے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بی جی پی کے رہنما ایل کے آڈوانی نے کراچی کے قیام کے دوران مزار قائد پر حاضری دی تھی اور انہیں ایک سیکیولر رہنما قرار دیا تھا۔ جس پر بھارت میں ان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||