بس حادثے میں بیس ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شمالی بھارت کے پہاڑی علاقے میں بس کے ایک حادثے میں بیس افراد ہلاک اور تقریباً پچیس زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ اترانچل میں گڑھوال علاقے میں پیش آیا ہے۔ بس رشی کیش سے بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کی طرف جارہی تھی۔ بی بی سی کی نامہ نگار شالنی جوشی نے بتایا ہے کہ گڑھوال علاقے کے ایک پولیس افسر آر ایس مینا کے مطابق مسافروں سے بس کھچا کھچ بھری ہوئی تھی اور دریائے گنگا کے پاس ایک کھائی میں جا گری۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچ گئیں ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مذکورہ سڑک نیشنل ہائی وے ہندوؤں کے ایک مقدس مقام بدری ناتھ کو دارالحکومت دلی سے جوڑتی ہے۔ ہندو زائرین کی آمدورفت کے سبب یہ سڑک تقریباً ہر وقت ہی مصروف رہتی ہے اور اس پر حادثے بھی ہوتے رہتے ہیں۔ گزشتہ دوماہ میں اس طرح کا یہ تیسرا بڑا حادثہ ہے۔ ہفتے کے روز حادثے میں ابتدائی طور پر بیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی جبکہ پچیس افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||