بھارت: 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی کوریا کی سٹیل بنانے والی کمپنی ’پوسکو‘نے بھارت کی ریاست اوریسا میں بارہ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے سٹیل مل لگانے کا اعلان کیا ہے۔ پوسکو اورسیا میں بنائے جانے والے اس سٹیل مل پر اگلے پندرہ سالوں کے دوران بارہ ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرئے گا جو ایشیا کے کسی ملک میں ہونے والی سب سے بڑی براہراست بیرونی سرمایہ کاری ہے۔ اس سرمایہ کاری سے اڑتالیس ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ اس معاہدے کے تحت پوسکو کو تیس سال تک اوریسا میں لوہے کی کانوں سے خام لوہا نکالنے کے حقوق بھی ملیں ہیں۔ حزب اختلاف پوسکو سے کئے جانےوالے اس معاہدے کے خلاف مظاہرے کررہی ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ کان کنی کے حقوق حاصل ہونے سے لوہے کے ذخائر بیس سال ہی میں ختم ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ اوریسا کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے کہا کہ اس منصوبے سے اوریسا کی تقدیر بدل جائے گی۔ پوسکو کی یہ سٹیل مل پرادیپ کے ساحلی شہر میں لگائی جائے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس مل میں تیرہ ہزار افراد کو براہراست ملازمتیں ملیں گی جب کے پینتس ہزار افراد کو بلاواسط روزگار میسرآئے گا۔ ابتدائی طور پر پوسکو تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرئے گی جس سے تیس لاکھ ٹن سٹیل بنانے کی صلاحیت رکھنے والا پلانٹ لگایا جائے گا۔ اس پلانٹ کی صلاحیت بعد میں بڑھا کر ایک کروڈ بیس لاکھ ٹن کر دی جائے گی۔ بھارت میں کاروں، فریج اور عمارتوں کی تعمیر میں اضافے کی بنا پر سٹیل کی مانگ تیزی سے بڑھی ہے۔ ایشیا کے دوسرے ملکوں میں بھی اسٹیل کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جن میں چین سرفہرست ہے جس کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں سے اسٹیل کی قیمت میں تیزی کا رحجان ہے۔ بھارت کی اسٹیل بنانے والی کمپنی ٹاٹا نے حال ہی میں ایران میں ایک عشاریہ دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے تین سٹیل ملز لگانے اور خام لوہا نکالنے کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں تاکہ بھارت میں اسٹیل کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پوار کیا جاسکے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||