BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 06 March, 2005, 15:17 GMT 20:17 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دلی سے ملتان عوامی مارچ

پیدل مارچ کا مقصد دونوں ملکوں کے عوام میں پیارے کے رشتے بڑھانا ہے
پیدل مارچ کا مقصد دونوں ملکوں کے عوام میں پیارے کے رشتے بڑھانا ہے
بھارت اور پاکستان کے درمیان عوامی سطح پر رشتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک پیدل امن مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پیار و محبت کے لیے دونوں ملکوں کے لوگ اس میں حصہ لیں گے۔یہ کارواں گاؤں اور قصبوں کی چوپالوں تک پہنچ کر دوستی و بھائی چارے کا پیغام پھیلائے گا۔

سرکاری سطح پر بھلے ہی اتنی کوششیں نہ ہوں لیکن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کے لیےعوامی سطح پر نت نئی کوششیں ہوتی رہتی ہیں۔

اسی کوشش کے تحت دونوں ملکوں کی شہریوں پر مشتمل ایک بڑا کارواں دلی سے ملتان تک کا پیدل سفر طے کرے گا۔اور وہی راستہ اختیار کیا گیاہے جو تیرہویں صدی میں صوفی حضرت نظام الدین نے اپنایا تھا۔

بھارت میں اس پیدل مارچ کاانتظام میگسیسے انعام یافتہ و معروف سماجی کارکن سندیپ پانڈے کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس سے لوگوں کے درمیان مزید قربت بڑھے گی۔ انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ''پیدل مارچ کا مقصد دونوں کے درمیان اعتماد کو مزید بحال کرنا ہے۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ امن کی بنیاد باہمی بھروسے پر ہو اور عام آدمی بھائی چارئے اور اندرونی امن کے احساسات سے معمور ہو۔

News image
مہیش بھٹ نے گا کر کہا کہ یہ راستے ہیں پیار کے چلنا سنبھل سنبھل کر

مسٹر پانڈے کا کہنا تھا کہ پیدل سفر کا مقصد دونوں ملکوں کو یہ بتانا ہے کہ دونوں ویزا سہولیات کو مزید آسان بنائیں۔

دلی میں اس پیدل مارچ کا اعلان کرتے ہوئے مشہور فلم ہدایت کار مہیش بھٹ نے ہند پاک رشتوں کا خصوصی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا ’ ہم سبھی ایک متحد اور پرامن جنوبی ایشیا کا خواب دیکھ رہے ہیں اور یہ پیدل مارچ اس سمت کاپہلا قدم ہے۔ عوام امن چاہتے ہیں اور پیدل مارچ انہیں لوگوں تک اپنا پیغام پہنچائے گا۔‘

ایک سوال کے جواب میں مسٹر بھٹ نے یہ لائن گاتے ہوئے ’یہ راستے ہیں پیارکے چلنا سنبھل سنبھل کے‘ کہا کہ دوستی اور پیار بڑے حساس معاملے ہیں۔ انہیں نبھانے کے لیے فکر وتدبر کی بھی ضرورت ہے۔

پاکستان کی جانب سے اس امن مارچ کا اہتمام وہاں کے مشہور سماجی کارکن اور لاہور ایجوکیشن اینڈ ریسرچ انسنٹی ٹیوٹ کے ڈائیریکٹرکرامت علی کر رہے ہیں۔

مسٹر کرامت نے اس کارواں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پیدل قافلہ گاؤں قصبوں اور شہروں سے ہوتا ہوا گزرئے گا۔

انہوں نے کہا ’ہر روز قافلہ پندرہ سے بیس کلومیٹر چلے گا۔ رات کو گاؤں یا قصبے میں رکےگا اور شام کووہاں کے باشندوں سے تبادلہ خیال کرے گا ۔ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق رات کو پروگرام ہوگا اور زیادہ توجہ لوگوں سے ملنے جلنے پر دی جائے گی۔‘

مسٹر کرامت کا کہنا تھا کہ دونوں کی مشترکہ ثقافت ہے اور وہ پر امید ہیں کہ اس سے بھائی چارے و دوستی کی فضا بحال ہوگی۔

اس ماہ کی تیئس تاریخ کو دلی میں حضرت نظام الدین اولیا کے مزار سے پیدل قافلہ روانہ ہوگا۔ سونی پت، پانی پت اور جالندھر ہوتا ہوا اٹھارہ اپریل کو یہ قافلہ واہگہ بارڈر پار کرے گا۔ گاؤں گاؤں محبت کا پیغام پھیلاتا ہوا یہ قافلہ گیارہ مئی کو ملتان میں صوفی بہاؤالدین ذکریا کی درگاہ پر ختم ہوگا۔

تیروہویں صدی میں اسی راستے سے نظام الدین اولیاء صوفی بہاورالدین ذکریا سے ملنے ملتان گئے تھے۔

اس میں شرکت کے لیے ہندوستان اور پاکستان کی تقریبا ڈیڑھ سو شخصیات نے اپنا نام درج کروایا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کی حکومتوں سے اس کے لیے بڑی تعداد میں ویزا جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد