ممبئی میں امریکی سینٹر کو خطرہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ نے کسی ممکنہ حملے کے پیش نظر ہندوستان کے شہر ممبئی میں واقع امریکی سنٹر منگل کے روز بند کر دیا ہے۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق وہاں ویزا جاری کرنے کے دفتر کو بھی بند رکھا گیا ہے ۔امریکہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ممکنہ دہشت گردنہ حملے کے خطرات کے پیش نظر پوری طرح محتاط رہیں۔ دلی میں امریکی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اس طرح کے خطرے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ خطرہ کس نوعیت کا ہے اور کس تنظیم سے ہے۔ ہندوستان میں ممبئی کے علاوہ کلکتہ ، مدراس اور دلی میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں کی عمارتوں کے گرد حفاظتی انتظامات سخت کر دئے گئے ہیں۔ سفارتخانے کی ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ممبئی میں مشن کے ویزا سیکشن اور امریکی سنٹر کو صرف منگل کے روز کے لئے بند کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور سلامتی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس سلسلے میں مزید کوئی فیصلہ کیا جاۓ گا۔ تاہم ترجمان نے بتایا کہ جو اطلاعات ملی تھیں اس کے مطابق یہ کوئی بڑا خطرہ نہیں ہے لیکن پھر بھی کوئی غفلت نہیں برتی جا سکتی۔ ہندوستان میں دلی کے علاوہ مدراس ، کلکتہ اور ممبئ میں امریکی قونصل خانے واقع ہیں جہاں ویزا جاری کرنے کے دفاتر بھی ہیں۔ ان کے علاوہ کئی شہروں میں امریکی ثفاقتی اور اطلاعاتی مراکز بھی ہیں۔ طلبہ، تاجر اور امریکہ میں آباد ہندوستانی نژاد باشندوں کے رشتےدار بڑی تعداد میں ہر سال امریکہ جاتے ہیں اور یہاں ہندوستان میں بھی ہزاروں امریکی مختلف کمپنیوں میں کام کرتے ہیں اور بڑی تعداد میں سیاحت کے لئے آتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||