باغیوں کا حملہ، سترہ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ریاست اترپردیش کے چندولی ضلع میں ماؤنواز باغیوں کے ایک حملے میں سترہ پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کا ایک بڑا دستہ بس میں سوار نوگڑھ کے علاقے میں نکسلیوں کی تلاش میں سرگرداں تھا جب بارودی سرنگ کا ایک زبردست دھماکہ ہوا جس میں پی اے سی کے تیرہ جوان اور چار کانسٹیبل جائےحادثہ پر ہی ہلاک ہوگۓ۔ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ بس میں سوار پولیس اہلکاروں کی تعداد کیا تھی اور کتنے افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار کے مطابق حادثے میں بس بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ابتدائی خبروں میں کہا گيا ہے کہ اس بس کے پیچھے پولیس اہلکاروں کی دو جیپیں بھی تھیں لیکن انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ بارودی سرنگ ایک پل کے نیچے نصب کی گئی تھی اور جب گاڑی اس پل سے گزر رہی تھی تبھی دھماکہ ہوا۔ یہ علاقہ گھنے جنگلوں سے پر ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد ماؤنواز باغی پولیس کے ہتھیار لیکر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔ کئی اعلیٰ پولیس افسران بھی جائے واردات پر پہنچ چکے ہیں اور نوگڑھ کے جنگلوں میں ماؤنواز باغیوں کی تلاش جاری ہے۔ خبروں کے مطابق نکسلیوں کو پہلے ہی سے معلوم تھا کہ پی اے سی کی ایک گاڑی ادھر سے گزرنے والی ہے اور وہ اسکے انتظار میں تھے۔ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||