بہار کے وزیر بنا ٹکٹ پکڑے گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ریاست بہار کے نقل و حمل کے وزیر اور ان کے ذاتی محافظ کو ایک ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوۓ پکڑا گیا ہے۔ ریلوے کے حکام نے بتایا ہے کہ بہار کے وزیر اودھ بہاری چودھری اور ان کے محافظ سے کہا گیا ہے کہ گرفتاری سے بچنے کے لئے وہ 1412 روپے فوراً ادا کريں۔ مسٹر چودھری کا تعلق ریلوے کے وزیر لالو پرساد یادو کی جماعت سے ہے اور انہیں پیر کے روز بہار میں ایک ایکسپریس ٹرین کے ایک ایر کنڈیشنڈ ڈبے میں بغیر ٹکٹ سفر کر تے ہوۓ پکڑا گیا تھا۔ محکمہ ریلوے کے اعلی ترجمان ایم وائی صدیقی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوۓ کہا ہے کہ بے ٹکٹ سفر کرنے کی لعنت بڑھتی جا رہی ہے۔ وزیر کے پکڑے جانے کے اس واقعہ سے محکمہ یہ بتانا چاہتا ہے کہ وہ اس معاملے میں انتہائی سختی کے ساتھ پیش آۓ گا اور اس میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جا ۓ گی ۔ ریلوے کے محکمے نے بغیر ٹکٹ مسافروں اور مال کا وزن کم دکھانے والوں کے خلاف مہم چلا رکھی ہے۔ مسٹر صدیقی نے بتایا ہے کہ اس مہم کا خاطر خواہ نتیجہ سامنے آ یاہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین مہینے میں بے ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں زبردست کمی آئی ہے اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان کا ریل نظام دنیا کے سب سے بڑے ریلوے نظاموں میں سے ایک ہے۔ یہ ملک میں نقل و حمل کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ریلوے کے نظام میں بہتری آئی ہے اور ملک کے طول و ارض میں تیز رفتار ٹرینیں شروع کی گئی ہیں۔ لیکن حفاظتی نظام میں جدت لانے کی ضرورت ہے۔ محکمے نے مغربی ہندوستان میں جلد ہی جاپانی طرز کی بلٹ ٹرین شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے عملی سروے کیا جا چکا ہے اور تجرباتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||