منموہن سنگھ: امریکہ دورہ پر روانہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ برطانیہ اور امریکہ کے نو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ نئی دہلی میں اپنی روانگی سے قبل مسٹر سنگھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ میں وہ پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کریں گے اور انکی ملاقات بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات کا اگلا قدم ہوگی۔ منموہن سنگھ اور صدر مشرف کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان کشمیر، سرحدپار سے ہونے والی سے ہونے والی دراندازی کے الزامات سمیت کئی معاملات پر بات چیت ہونے کے امکا نات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق صدر پرویز مشرف اور وزیر اعظم منموہن سنگھ کی ملاقات سے قبل دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ بھی ملنے والے ہیں اور ممکن ہے کہ اعتماد سازی کے لیے دونوں جانب سے کوئی مشترکہ بیان بھی جاری کیا جائے۔ منموہن سنگھ نے جانے سے قبل نئی دہلی میں یہ بھی کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کا دعوی پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی پیمانے پر ہندوستان کے اس دعوے کو حمایت حاصل ہورہی ہے۔ مسٹر سنگھ 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ دورے کے اپنے پہلے مرحلے میں بھارتی وزیراعظم لندن جائیں گے جہاں 20 سمتبر کو انکی ملاقات برطانیہ کے وزیراعظم ٹونی بلئیر سے ہوگی۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان بھی متوقع ہے۔ مسٹر سنگھ برطانیہ کے کچھ تاجروں سے بھی ملیں گے۔ امریکہ میں اپنے ایک ہفتے کے قیام کے دوران منموہن سنگھ امریکی صدر جارج بش سے بھی ملاقات کریں گے۔حال ہی میں امریکہ نے ہندوستان پر لگی ہوئی جوہری ٹیکنالوجی کی درآمدات پر پابندی ختم کردی ہے اور امکان ہے کہ صدر بش اور منموہن سنگھ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید بہتر کرنے پر بات چیت ہو گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||