سابق مس انڈیا کی پراسرار ہلاکت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی شہر ممبئی میں سابق مس انڈیا نفیسہ جوزف پراسرار حالات میں ہلاک ہوگئی ہیں۔ پولیس ان کی ہلاکت کی تحقیقات کررہی ہے۔ نفیسہ جوزف سابق ماڈل اور ٹی وی کی معروف کمپیئر بھی تھیں۔ ممبئی میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق پچیس سالہ نفیسہ کی لاش ان کے اپارٹمنٹ میں پائی گئی لیکن اس بارے میں ابھی زیادہ معلومات حاصل نہیں ہوسکی ہیں۔ کہا جا رہا ہے نفیسہ نے خودکشی کی ہے تاہم پولیس نے ابھی اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جس سے صورتحال کچھ واضح ہوسکے گی۔ اب تک کی معلومات کے مطابق اگلے ماہ سات اگست کو ممبئی کے ایک تاجر سے ان کی شادی ہونے والی تھی۔ نامہ نگار کے مطابق کچھ مقامی چینلز نے ان کا نام ایک بھارتی فنکار کے ساتھ بھی منسوب کیا ہے تاہم ان خبروں میں زیادہ صداقت نہیں معلوم ہوتی۔ انہیں سن انیس سو ستانوے میں مس انڈیا کا اعزاز دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے میوزک چینل ایم ٹی وی کی میزبانی بھی شروع کردی تھی۔ وہ جانوروں کے حقوق کی تحریکوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتی تھیں۔ نفیسہ جوزف بنگلور کی رہنے والی تھیں اور اپنی حسین مسکراہٹ کے لیے خاص طور پر مشہور تھیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||