ٹرین پٹری سے اترگئی، 14 ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مینگلور سے ممبی آنے والی ایک ٹرین متنے گندھا ایکسپریس حادثہ کا شکار ہوگئی ہے۔ اس حادثہ میں کم سے کم چودہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے کے قریب ریل کی کئی بوگیاں اس وقت پٹری سے اتر گئیں جب وہ ایک پل پر سے گزر رہی تھی۔ نامہ نگاروں کے مطابق خدشہ ہے کہ کئی افراد ٹرین کی ان دو بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں جو پل سے نیچے فضا میں معلق ہیں جبکہ ریل کا انجن علیحدہ ہوکر دریا میں گر گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کا سبب علاقے میں ہونے والی تیز بارشیں ہیں جن کی وجہ سے آس پاس کی پہاڑیوں سے پتھر ریل کی پٹری پر آگرے تھے۔ کہا جارہا ہے کہ ریل کے انجن سمیت پہلے گیارہ ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے۔ امدادی کارکن جائے حادثہ پر ہیں۔ تقریباً چالیس افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں نزدیکی ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ پہاڑی علاقہ ہے اس لیے ریسکیو آپریشن میں مشکل پیش آرہی ہے۔ جائے حادثہ تک پہنچنے کا ذریعہ ایک واحد سڑک ہے جو پہاڑوں سے ہوتی ہوئی اس مقام سے گزرتی ہے۔ انڈیا کے ریلوے کے وزیر لالو پرساد نے کہا ہے کہ اس علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ عام ہے۔ ریلوے کی ایک ٹیم بھی حادثہ کی جگہ پر پہنچ گئی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||