حلف برداری کی تفصیلات آج | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے نامزد وزیرِ اعظم من موہن سنگھ جمعرات کے روز صدر عبدالکلام سے ملاقات کر رہے ہیں جس میں حلف برداری کی تفصیلات طے کی جائیں گی۔ دہلی سے نامہ نگار شکیل اختر کے مطابق اس ملاقات کے بعد من موہن سنگھ اپنی جماعت کے ساتھ مشاورت کریں گے جس میں کابینہ میں لئے جانے والے وزراء کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ابھی یہ طے نہیں کہ حلف برداری کی تاریخ کیا مقرر ہوتی ہوتی ہے لیکن جمعرات کے بعد کانگریس پارٹی اور اس کے اتحادی آپس میں کئی بار مختلف اجلاس کریں گے جن میں کابینہ کے بارے میں فیصلے کیے جائیں گے۔ ادھر بھارت کی سابق حکمراں جماعت بے جے پی جمعرات کو پہلی مرتبہ من موہن سنگھ کی وزیرِ اعظم کے طور پر نامزدگی پر اپنا ردِ عمل پہلی مرتبہ ظاہر کرے گی۔ ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ آیا من موہن سنگھ کی کابینہ میں زیادہ وزراء ہوں گے یا کم البتہ غالب گمان یہی ہے کہ پہلے مرحلے میں کابینہ شاید زیادہ بڑی نہ ہو۔ نئے وزیرِ خزانہ کے لئے بھی کئی نام سامنے آ رہے ہیں۔ ایک خیال یہ بھی ہے کہ شاید من موہن سنگھ یہ وزارت خود اپنے پاس رکھیں لیکن شکیل اختر کا کہنا ہے کہ کانگریس کے پاس کئی سینیئر رہنما ایسے ہیں جو ماضی میں بھی اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ دریں اثناء نامزد وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کا مقصد ملک سے غربت کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی لیکن اس کے ثمرات غریبوں تک پہنچانے پر کوشش زیادہ ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||