سونیاگاندھی منظور نہیں: بی جے پی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈیا کے حالیہ انتخابات میں ہارنے والی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ وہ کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے وزیراعظم کے عہدے کے لئے حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ الیکشن کے حیران کن نتائج کے بعد حکومت سازی کی کوششیں جاری ہیں اور اب یہی لگ رہا ہے کہ سونیا گاندھی ہی ملک کی اگلی وزیر اعظم بنیں گی۔ بی جے پی کے صدر ونکیا نائیڈو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے بائیکاٹ کی وجہ سونیا گاندھی کے غیر ملکی ہونے کے خلاف بقول ان کے عوام میں پائے جانے والے احتجاج کو ظاہر کرنا ہے۔ مسٹر نائیڈو کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں صرف پارٹی کے سبکدوش ہونے والے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی شرکت کریں گے۔ بی جے پی کے اتحاد میں شامل دیگر جماعتیں بھی اس بائیکاٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ سونیا گاندھی کے اطالوی نژاد ہونے کو غیر سیاسی ایشو قرار دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ حالیہ الیکشن میں کامیابی کی ایک بڑی وجہ سونیا گاندھی ہیں۔ مسز گاندھی پیر کے روز انڈیا کے صدر سے ملاقات کررہی ہیں جس کے بعد ان کی وزیراعظم کے طور پر نامزدگی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہوجائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||