بھارتی فضائیہ کے دو جیگوار لاپتہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی فضائیہ کے دو لڑاکا جیگوار طیارے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں خراب موسمی حالات میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق برطانوی ساخت کے دو جیگوار طیارے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے شمالی مشرقی پہاڑی علاقے کے اوپر ایک تربیتی پرواز کے بعد واپس اپنے اڈے پر نہیں پہنچ سکے۔ حکام نے بتایا کہ سری نگر کے اڈے سے چار جیگوار تربیتی پرواز کے لیے گئے تھے ان میں دو واپس اڈے پر پہنچ گئے ہیں جب کہ دو لاپتہ ہیں۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان اسکورڈن لیڈر مہیش اپسانی نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ طیارے تباہ ہو گئے ہیں یا یہ کہیں ہنگامی حالت میں اتر گئے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دونوں طیارے فضا میں ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گئے ہیں۔ تاہم سرکاری ذرائع نے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی۔ فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ان طیاروں کی تلاش کا کام جاری ہے۔ تاہم علاقے میں خراب موسمی حالات اور کم روشنی کے باعث تلاش کا کام کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی فضائیہ دنیا کی چھوتی بڑی فضائی قوت ہے۔ تاہم اس کی فضائی حادثوں کی شرح بہت زیادہ ہےاور اس اعتبار سے اس کا ریکارڈ بہت خراب ہے۔ گزشتہ دس سالوں میں بھارتی فضائیہ میں شامل روسی ساخت کے ایک سوستر مگ طیارے فضائی حادثوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||