آسام: سڑک حادثے میں 30 افراد ہلاک

بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے ضلع بارپیٹا میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک سڑک حادثے میں 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں 12 بچے بھی شامل ہیں۔
جمعرات کو علی الصباح پیش آنے والے اس حادثہ میں حکام کے مطابق گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو بارپیٹا کے میڈیکل کالج میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
کچھ زخمیوں کو ریاستی دارالحکومت گوہاٹی میں موجود زیادہ سہولیات والے ہسپتال بھی روانہ کيا گيا ہے۔
بارپیٹا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شیوپرساد نے بی بی سی کو بتایا: ’صبح چار بج کر چالس منٹ پر دو چھوٹی گاڑیاں اینٹ کے بھٹوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو لے کر رنگيا علاقے کی طرف جا رہی تھیں۔ گوہاٹی سے بنگال کی طرف غلط سمت میں جانے والے ایک ٹرک نے ان گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں دونوں گاڑیوں میں سوار 30 افراد کی موت ہو گئی جبکہ باقی دیگر زخمی ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’مرنے والوں میں 12 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔‘
پولیس اہلکار کے مطابق مرنے والوں کی تعداد اور بھی بڑھ سکتی ہے۔
پولیس نے ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ بھارت میں سڑک حادثوں میں مرنے والوں کی تعداد کافی ہے۔







